چین کے صدر شی جن پنگ کا جلد پاکستان کا دورہ متوقع

Last Updated On 21 February,2020 10:08 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔ چینی صدر شی جن پنگ کا عزت واحترام کے ساتھ استقبال کریں گے۔

انہوں نے یہ بات پاکستان میں چین کے سفیر یاؤژنگ کے ساتھ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات کا مقصد چین کے صدر شی جن پنگ کے آئندہ دورہ پاکستان کے لئے تیاریوں کا جائزہ لینا تھا۔

یہ ملاقات وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر کی گئی جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت پاکستان چین کے صدر کے دورہ پاکستان کو انتہائی اہمیت دے رہی ہے۔

وزیراعظم کے مشیر اور چین کے سفیر نے صدر شی جن پنگ کے دورہ پاکستان کے حوالے سے تیاریوں اور پیشرفت کا تفصیل سے جائزہ لیا۔

ڈاکٹر عبدالحفیط شیخ نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے اجلاس میں بھرپور اور واضح حمایت پر چین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین اور دیگر برادر ممالک نے پورے عمل میں پاکستان کے فریم ورک کو بہتر بنانے کی کوششوں میں ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کیا۔ وزیراعظم کے مشیر نے چین میں کورونا وائرس سے اموات پر سفیر کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔

یاؤژنگ نے کہا کہ چین کے عوام کے لئے یہ مشکل وقت ہے تاہم چین کی حکومت عزم کے ساتھ اس وبا سے نبرد آزما ہے اور اس پر جلد قابو پا لیا جائے گا۔

انہوں نے مشکل وقت میں اظہار یکجہتی اور ساتھ دینے پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔

ملاقات میں پاک چین اقتصادی راہداری اور دونوں ممال کے درمیان تجارت میں اضافہ سے متعلق صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا اور بتایا گیا کہ اس منصوبہ پر پیشرفت جاری ہے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا اور فریقین نے اقتصادی تعاون میں اضافہ پر اتفاق کیا۔