لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے زیر قیادت پنجاب حکومت نے شعبہ صحت میں ایک اور سنگ میل طے کرتے ہوئے گنگا رام ہسپتال میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
10 منزلہ مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال 600 بستروں پر مشتمل اور 2 برس میں مکمل ہوگا، اس پر 7 ارب روپے لاگت آئیگی۔ ہسپتال سٹیٹ آف دی آرٹ ہوگا اور زچہ وبچہ کے علاج معالجے کیلئے ایک ریفرنس کا درجہ رکھے گا۔ اس میں ریسرچ پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔
اس کے علاوہ دیگر شہروں میں بھی شعبہ صحت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ ملتان میں نشتر ہسپتال ٹو پر کام شروع ہو چکا ہے۔ ڈیرہ غازی خان میں انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا اگلے ماہ سنگ بنیاد رکھا جائے گا جبکہ رحیم یار خان میں شیخ زید ہسپتال ٹو کا منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ شعبہ صحت ہماری پہلی اور آخری ترجیح ہے، خود منصوبوں کی نگرانی کرتا ہوں۔ انہوں نے سمن آباد ہسپتال کو گنگا رام ہسپتال کیساتھ منسلک اور فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے کیمپس کیلئے اراضی فراہم کرنے کا اعلان کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈیڑھ برس میں حکومت کا کوئی کرپشن کا سکینڈل نہیں ہے، یہ پاکستان کی تاریخ کی سب سے شفاف حکومت ہے۔
وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ذاتی دلچسپی لے کر مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کے منصوبے کو آگے بڑھایا، ہم سب ان کے شکر گزار ہیں۔ وزیراعلیٰ کی قیادت میں صوبائی حکومت شعبہ صحت کو بہتر بنانے کیلئے دن رات کام کر رہی ہے۔
CM Punjab laid foundation stone of 600 Bedded Mother and Childcare Hospital in Lahore.
— Government of Punjab (@GOPunjabPK) February 24, 2020
Project cost will be 7 Billion Rs and it will have 10 Departments
لاہور میں مدر اینڈ چائلڈ کئیر ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا. یہ ہسپتال 600 بیڈز پرمشتمل ہوگا اور اس پر 7 ارب لاگت آئے گی. pic.twitter.com/FvMavyj4Y2