وزیراعظم کسی بھی محکمے میں موجود مافیا کو نہیں چھوڑیں گے، فردوس عاشق اعوان

Last Updated On 26 February,2020 07:39 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ہر قسم کے مافیا کے خاتمے کیلئے کوشاں ہیں۔ وہ کسی بھی محکمے میں موجود مافیا کو نہیں چھوڑیں گے۔

معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا صحافتی کنونشن سے خطاب میں کہنا تھا کہ صحافیوں کے ساتھ قدم بقدم چل رہے ہیں۔ کسی مقصد کے لیے کوشاں رہنے والوں کے راستے ہمیشہ کٹھن ہوتے ہیں لیکن حق ہمیشہ باطل پر غالب رہتا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نظریات کے ساتھ کھڑے رہنے والے لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔ وزیراعظم نے 23 سال اقتدار کیلئے نہیں بلکہ قانون کی بالا دستی کیلئے جدوجہد کی اور اپنے نظریے سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے۔

ان کا کہنا تھا کہ نظام کی تبدیلی کیلئے مسلسل جدوجہد کی ضرورت رہتی ہے۔ وزیراعظم عمران خان ہر قسم کے مافیا کے خاتمے کیلئے کوشاں ہیں۔ وہ کسی بھی محکمے میں موجود مافیا کو نہیں چھوڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مختلف شعبوں میں اصلاحات کا عمل جاری ہے، تاہم بہتری کیلئے وقت درکار ہے۔ مقاصد کے حصول کیلئے صحافتی برادری کو متحد ہوناچاہیے۔