پاکستان میں کرونا وائزس کے مزید دو کیسز سامنے آ گئے، تعداد چار ہو گئی

Last Updated On 01 March,2020 06:10 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں کرونا وائرس کے مزید دو کیسز سامنے آ گئے جس کے بعد مریضوں کی تعداد چار ہو گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کرونا وائرس کے مزید دو سامنے آئے ہیں، کرونا وائرس کا مریض کراچی جبکہ چوتھا اسلام آباد میں رپورٹ ہوا۔ دونوں مریضوں کی جانب سے حال ہی میں ایران کا سفر کیا گیا تھا۔

ایک مریض کا تعلق کراچی سے ہے جسے سول ہسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں شفٹ کیا گیا ہے۔ اسلام آباد کے پمز ہسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں موجود مریضہ کا تعلق گلگت بلتستان سے ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مزید دو کرونا وائرس کے مزید سامنے آئے ہیں جس کے بعد یہ تعداد چار ہو گئی ہے۔

معاون خصوصی نے میڈیا سے درخواست کی کہ وہ مریضوں سے متعلق ان کی ذاتی معلومات نشر کرنے سے گریز کریں۔ کرونا وائرس کے حوالے سے کابینہ کا اجلاس 3 گھنٹے جاری رہا تاہم پاکستان میں کرونا وائرس کے حوالے سے کوئی ایمرجنسی نہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان فضائی رابطے منقطع ہیں۔ ہر کسی کو ماسک استعمال کرنے کی ضرورت نہیں ہے

معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ عوام میں آگاہی اور شعور بیدار کرنے کے لیے ٹیم بن کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وزارت صحت کرونا وائرس کے حوالے سے ہر ممکن اقدام کررہی ہے تاہم بہت جلد وائرس کے حوالے سے نیشنل ایکشن پلان کابینہ اجلاس میں پیش کیا جائےگا۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ اپوزیشن ایسے ایشوز پر سیاست کرنے سے گریز کرے کیونکہ پاکستان میں کروناوائرس کے حوالے سے کوئی ایمرجنسی نہیں ہے۔

یاد رہے کہ کراچی میں 22 سالہ نوجوان میں کرونا وائرس کی تصدیق کے بعد وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے دوسرے کیس کی بھی تصدیق کردی تھی۔