اسلام آباد (دنیا نیوز) عالمی مارکیٹ میں نرخ گرنے کے بعد حکومت نے آج یکم مارچ سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 5 روپے تک کمی کر دی، نئی قیمتوں کا آج سے اطلاق ہو گیا ہے.
اوگرا کی جانب سے جمعہ کے روز وزارت خزانہ کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سمری بھجوائی گئی تھی جس کی منظوری دے دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بجلی، گیس، پٹرول کی قیمتیں بڑھائیں: وزیراعظم نے آئی ایم ایف کا دباؤ مسترد کر دیا
وزارت خزانہ کے مطابق پٹرول 5 روپے فی لٹر سستا کیا گیا ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 111 روپے 60 پیسے ہوگی۔ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 5 روپے کی کمی کی گئی ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 122 روپے 26 پیسے ہوگی۔
زرائع کے مطابق لیوی بڑھا کر عوام کو تقریبا 7 روپے تک کے مزید ریلیف سے محروم کیا گیا، ہائی اسپیڈ ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی میں 7 روپے 5پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا۔
زرائع کا کہنا ہے کہ ہائی سپیڈ ڈیزل پر لیوی 18 روپے سے بڑھا کر 25 روپے 5 پیسے فی لٹر کر دی گئی، پٹرول پر پٹرولیم لیوی میں 4 روپے 75 پیسے فی لٹر کا اضافہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پٹرول پر لیوی 15روپے سے بڑھا کر 19 روپے 75 پیسے کر دی گئی، مٹی کے تیل پر پٹرول لیوی میں 6 روپے 33 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، مٹی کے تیل پر پیٹرولیم لیوی 6روپے سے بڑھاکر 12روپے 33 پیسے کردی گئی۔
ذرائع کے مطابق لائٹ ڈیزل پر پٹرولیم لیوی میں 1 روپے 94 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، لائٹ ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی 3روپے سے بڑھاکر 4روپے 94پیسے فی لیٹر کردی گئی۔