اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی نے زینب الرٹ بل کو سینیٹ ترامیم کے ساتھ منظور کر لیا۔ بل کا اطلاق پورے ملک میں ہوگا، اپوزیشن اراکین نے قانون پر عمل درآمد کے حوالے سے شکوک و شبہات کا اظہار کر دیا۔
اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ہوا، وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے زینب الرٹ، جوابی ردعمل اور بازیابی بل 2019 کو منظوری کیلئے پیش کیا اور بتایا کہ سینیٹ نے زینب الرٹ بل کے آرٹیکل 70 کی شق 2 میں ترمیم کی سفارش کی ہے، اب بل کا اطلاق صرف وفاقی دارالحکومت میں نہیں بلکہ پورے ملک میں ہوگا۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں سے بل کی منظوری کیلئے حمایت کی درخواست کی۔
لیگی رہنما خواجہ آصف نے بل میں ترامیم کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہیں بل پر کوئی اعتراض نہیں ہے، لیکن قوانین پر عمل درآمد سے متعلق شکوک و شہبات ہیں، بچوں کے حقوق سے متعلق پہلے بھی قانون سازی ہوچکی لیکن اب ہر ٹریفک سگنل پر وائپر پکڑے زینب دیکھنے کو ملتی ہے، قانون سازی کے ساتھ عملدرآمد نہ ہو تو کیا فائدہ ہے۔ ایوان نے بل میں سینیٹ کی ترامیم شامل کرنے کی منظوری دے دی۔