افغان امن معاہدہ، عبداللہ عبداللہ کی سپورٹ بھی درکار ہوگی: وزیر خارجہ

Last Updated On 11 March,2020 09:08 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بتایا ہے کہ عبداللہ عبداللہ سے بھی بات چیت جاری ہے۔ ان کی اپنی اہمیت ہے، ان کی سپورٹ بھی درکار ہوگی۔

دنیا نیوز کے پروگرام ’’نقطہ نظر‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طالبان کا مطالبہ قیدیوں کی رہائی کا تھا۔ قیدیوں کی رہائی کا اشرف غنی نے اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ افغان امن معاہدے پر معاملات آگے بڑھ رہے ہیں۔ ہم نے کوشش کی ہے کہ مناسب اور معقول راستہ اختیار کیا جائے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے لوگوں کو پہلے لاہور آنا پڑتا تھا۔ سیکرٹریٹ کے لیے ساڑھے تین ارب روپے درکار ہونگے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ایک جنوبی پنجاب صوبے کی بات کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب صوبے کیلئے اسمبلی سے بھی قرارداد پاس کرانے کی کوشش کریں گے۔ ترامیم کے لیے سیاسی جماعتوں سے گفتگو کا آغاز کریں گے۔ پیپلز پارٹی، (ن) لیگ کے منتخب نمائندے اپنا کردار ادا کریں۔ نیا صوبہ بننے سے وفاق بھی مضبوط ہوگا۔