عالمی وبا سے نمٹنے کیلئے فیصلے، ملک بھر میں تعلیمی ادارے 5 اپریل تک بند

Last Updated On 14 March,2020 03:31 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) کرونا وائرس کے پیش نظر قومی سلامتی کمیٹی نے آزاد کشمیر سمیت ملک بھر کے تعلیمی ادارے 5 اپریل تک بند رکھنے کا اعلان کر دیا گیا، کراچی، لاہور، اسلام آباد سے بین الاقوامی پروازیں آپریٹ ہونگی، تینوں ایئر پورٹس پر مسافروں کی سکریننگ کی جائے گی۔

وزیراعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی نے یوم پاکستان کی مرکزی پریڈ سمیت تمام تقریبات بھی منسوخ کر دیں۔ ملک میں تمام بڑے عوامی اجتماعات پر پابندی کیساتھ سینما اور شادی ہالز بھی بند رہیں گے۔ پی ایس ایل کے لاہور منتقل ہونے والے میچز میں بھی تماشائیوں کو شرکت کی اجازت نہیں ہوگی، دو ہفتوں بعد صورتحال کا ایک مرتبہ پھر جائزہ لیکر مستقبل کا لائحہ عمل طے کیا جائے۔

قومی سلامتی کمیٹی نے جیل میں قیدیوں سے ملاقاتوں پر پابندی عائد کر دی۔ عدالتوں اور کچہریوں سے متعلق چیف جسٹس پاکستان ہدایات جاری کریں گے، کرتار پور راہداری پاکستان کی جانب سے بند، بھارتی یاتری آ سکیں گے۔ سندھ حکومت نے مذہبی مقامات کے لئے ایڈوائزری جاری کر دی۔ تعلیمی اداروں کی چھٹیوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔

کرونا کے خدشے کے پیش نظر سندھ میں مساجد، مزاروں اور مذہبی مقامات کے لئے ایڈوائزری جاری کر دی گئی جس کے تحت مزاروں پر زائرین کی آمد کا وقت مقرر کیا جائے گا، ملحقہ مساجد بھی نماز کے اوقات میں کھلیں گی، جمعے کے خطبات میں کرونا وائرس سے آگاہی بھی دی جائے گی۔

پنجاب میں بھی تعلیمی ادارے، مدارس، ہاسٹلز تین ہفتوں کے لئے بند رہیں گے، صوبے بھر میں تمام میرج، بینکوئٹ ہال اور مارکی کو بھی تالے لگیں گے، جشن بہاراں، سپورٹس فیسٹیول بھی منسوخ کر دیئے گئے، تمام سیاسی و غیر سیاسی اجتماعات اور دیگر تقریبات بھی نہیں ہونگی۔

آزاد کشمیر میں بھی ہیلتھ ایمرجنسی لگانے کا فیصلہ کرلیا گیا، تمام تعلیمی ادارے مکمل طور پر بند کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔ آزادکشمیر کے 11 انٹری پوائنٹس پر سکریننگ مزید بہتر کی جائے گی۔