'ملتان میں سب سے بڑا قرنطینہ قائم، 1247 زائرین کو الگ الگ کمروں میں رکھا گیا ہے'

Last Updated On 20 March,2020 12:42 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی نے کہا ہے ملتان انڈسٹریل اسٹیٹ میں سب سے بڑا قرنطینہ قائم کر دیا گیا جو 3 ہزار کمروں پر مشتمل ہے، ایران سے لوٹنے والے 1247 زائرین کو قرنطینہ منتقل کر دیا گیا جنہیں الگ الگ کمروں میں رکھا گیا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے بیان میں کہا کہ ہر کمرے میں، ہر زائر کو الگ چارپائی بستر، چپل، صابن اور دیگر اشیاء دستیاب ہیں، قرنطینہ میں موجود زائرین کیلئے 50 بیڈ پر مشتمل ایمرجنسی ہسپتال بھی قائم کر دیا ہے، کمشنر، ڈپٹی کمشنر ملتان سمیت، ضلعی انتظامیہ کے ساتھ لمحہ بہ لمحہ رابطے میں ہوں، عوام ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے حکومتی ہدایات اور حفاظتی اقدامات پر عمل کریں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا سیلف آئسولیشن میں معمول کے دفتری کام گھر سے انجام دے رہا ہوں، ہمیں اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے ایک اجتماعی حکمت عملی کی ضرورت ہے، پبلک ٹرانسپورٹ سے آنے والے ملازمین کو گھر سے کام کرنے کا کہا ہے، تمام اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے مل کر اس چیلنج کا مقابلہ کرنا ہوگا، یہ وقت سیاست اور اختلافات کا نہیں ہے، سیاست کرنے کے لئے بہت وقت پڑا ہے، اس وقت سیاسی قائدین کی طرف سے قومی بیانیے کی بات انتہائی مناسب ہے۔