لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے پاک فوج کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کر لیا، فوج کرونا وائرس کے خلاف اقدامات میں سول ایڈ منسٹریشن کی مدد کرے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کہتے ہیں کرونا وائرس کے سدباب کیلئے صوبے میں فوج طلب کر رہے ہیں، عثمان بزدار نے ایکسپو سنٹر میں فیلڈ ہسپتال کے قیام کا جائزہ بھی لیا۔
کرونا وائرس کے خلاف جنگ، پنجاب میں پاک فوج کی مدد لینے کا فیصلہ کر لیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ کرونا وائرس کے سدباب کیلئے صوبے میں پاک فوج کی مددطلب کررہے ہیں۔ پاک فوج کوسیکشن 245 کے تحت سول انتظامیہ کی مدد کیلئے بلایا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صوبے بھر میں خوراک کی کوئی قلت نہیں،
ایکسپو سنٹرمیں ایک ہزار بستروں پر مشتمل قرنطینہ سنٹر بنا دیا، فیلڈ ہسپتال بھی بنانے جا رہے ہیں۔ پنجاب ایک لاکھ لوگوں کی دیکھ بھال کر سکتا ہے، کابینہ اجلاس میں پنجاب میں کرونا آرڈیننس لا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ایکسپو سنٹر میں قرنطینہ سینٹر کا بھی دورہ کیا اور انتظامات کاجائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ صوبے میں کرونا کیلئے 5 خصوصی ہسپتال بنا رہے ہیں۔ این ڈی ایم اے ہمارے ساتھ ہے، عوام احتیاطی تدابیراپنائیں اور سماجی فاصلہ اختیار کریں۔