لاہور: (دنیا نیوز) ملک میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر حکومت پنجاب نے صوبے بھر میں لاک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
یہ اہم فیصلہ صوبائی کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔ اس بات کا اعلان وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے باضابطہ طور پر پریس کانفرنس میں کیا۔
اہم اعلان کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انسداد کرونا کیلئے ایک اہم اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلہ کیا گیا کہ 24 مارچ سے 6 اپریل تک صوبے بھر کے شاپنگ مالز، بازار، دکانیں، پارکس، ریسٹورینٹس اور ایسی عوامی اجتماعات والی تمام جگہیں بند ہونگی۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام سے التماس ہے کہ وہ ان 14 روز میں پولیس، قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں اور فوج کیساتھ تعاون کریں۔ 14 روز کیلئے سول اور فوجی ادارے احکامات پر عملدرآمد کے پابند ہونگے۔ عوام سے بھرپور تعاون کی اپیل کرتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ صورتحال کے پیش نظر ڈبل سواری پر بھی پابندی ہوگی تاہم فیلمیاں اس فیصلے سے مستثنیٰ ہونگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ لاک ڈاؤن کا مطلب کرفیو نہیں ہے۔ صوبے میں پہلے ہی دفعہ 144 نافذ ہے۔
یہ سوال کہ کیا لاک ڈاؤن کا دورانیہ بڑھایا بھی جا سکتا ہے؟ کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ صورتحال کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کیا جائے گا۔ اگر صورتحال بہتر رہی تو لاک ڈاؤن کو پہلے بھی ہٹایا جا سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کل کابینہ اجلاس میں تمام چیزوں پر غور کرکے معاشرے کے غریب طبقے کی امداد کے لیے جلد امدادی پیکج کا اعلان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر صورتحال کو مانیٹر کر رہے ہیں۔ میڈیکل سٹورز، کریانہ سٹورز، سبزی منڈی، فروٹ، دودھ اور دہی شاپس کھلی رہیں گی۔
بعد ازاں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان کے زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے کیلئے انتظامات کا بھی جائزہ لیتے ہوئے عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لئے تمام تر ممکنہ اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے شرکا نے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے پر اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی اقدامات پر 100 فیصد عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے مشترکہ طور پر اقدامات کئے جائیں گے۔
کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان کا اجلاس سے خطاب میں کہنا تھا کہ کرونا وائرس سے نمٹنے کے لئے پنجاب حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے۔ یہ ہم سب کا مشترکہ مسئلہ ہے جس کیلئے اجتماعی کاوشوں کو موثر انداز میں بروئے کار لانا ہوگا۔ پنجاب حکومت نے آرٹیکل 245 کے تحت فوج سے مدد طلب کی ہے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ مشکل وقت میں قوم کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ عسکری اور سیاسی قیادت عوام کے تعاون سے کرونا چیلنج سے بطریق احسن نمٹے گی۔ پنجاب حکومت کے تمام تر وسائل مسئلے سے نمٹنے کے لئے حاضر ہیں۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے میں لاک ڈاؤن کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بین الصوبائی اور شہروں کے مابین ٹرانسپوٹ بند کر دی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ ہر طرح کے عوامی اور نجی اجتماع پر پابندی ہوگی۔
تمام نجی اور پبلک دفاتر بند رہیں گے۔ صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ملازمین اور صحت سے متعلق ملازمین کو استثنیٰ دیا گیا ہے۔ ہر گھر کے صرف ایک فرد کو ہی نکلنے کی اجازت ہوگی۔ لوگ ایک دوسرے سے فاصلہ رکھ کر ملیں۔ لاک ڈاؤن کا نفاذ 24 مارچ صبح 9 بجے سے 7 اپریل صبح 9 بجے تک ہوگا۔