پاکستان میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 14 ہوگئی، 1571 افراد متاثر

Last Updated On 29 March,2020 10:33 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں کورونا وائرس سے اب تک 14 اموات ہو چکی ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 45 نئے کیس آئے۔ پنجاب میں سب سے زیادہ 571 مریض، سندھ میں 502، خیبر پختونخوا میں 192، بلوچستان میں 141، اسلام آباد میں 43، گلگت میں 116 جبکہ آزاد کشمیر میں 6 کنفرم کیسز ہیں۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے 571 کنفرم مریض

ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 5 ہو چکی ہے جبکہ پانچ مریض صحت یاب ہو کر ڈسچارج ہوئے۔

ڈی جی خان سے 207 زائرین، ملتان سے 79 زائرین، رائے ونڈ کورنٹین میں 23 اور لاہور میں 119 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔اس کے علاوہ گجرات میں 52، گوجرانوالہ 11، جہلم 21 اور راولپنڈی میں 19 مریضوں کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

ملتان شہر میں 3، فیصل آباد 9، منڈی بہاءالدین 4، ناروال 1، رحیم یار خان 1، وہاڑی 2 اور سرگودھا میں 2 مریض سامنے آ چکے ہیں۔ اٹک ایک اور بہاولنگر میں 2، میانوالی میں 2 مریضوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔

ننکانہ صاحب میں 2، خوشاب میں ایک، ڈی جی خان شہر میں 5 مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ تمام کنفرم مریض آئسولیشن وارڈز میں داخل ہیں۔

مریضوں کو مکمل طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہے۔ عوام سے گزارش ہے کہ حفاظتی تدابیر اختیار کرکے خود کو محفوظ بنائیں۔ گزشتہ 14 روز میں متاثرہ ممالک سے آنے یا کنفرم مریضوں سے ملنے والے افراد گھر میں آئسولیشن اختیار کریں۔

متاثرہ ممالک سے آئے افراد میں آئسولیشن کے دوران علامات ظاہر ہوں تو 1033 پر رابطہ کریں۔ محکمہ صحت کی ریپڈ رسپانس ٹیمیں مشتبہ مریض کو ہسپتال منتقل کر کے ٹیسٹ کروائیں گی۔

گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کی صورتحال

گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مزید 12 کیسز کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔ مشیر اطلاعات گلگت بلتستان حکومت کے مطابق آج کل 27 افراد کا ٹیسٹ کیا گیا جن میں سے 15 سیمپلز کا ٹیسٹ نیگیٹو آیا۔

انہوں نے بتایا کہ نگر قرنطینہ میں فوت ہونے والے محکمہ صحت کے ملازم کا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے۔ گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 128 ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کا شکار ہو کر دو افراد کی موت ہوئی ہے جبکہ تین افراد صحتیاب ہو کر گھر چلے گئے ہیں۔

کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے چین سے امدادی سامان پاکستان پہنچ گیا

امدادی سامان میں 15 وینٹی لیٹر، این 95 ماسک اور میڈیکل کی دوسری اشیا شامل ہیں۔ سامان سی وین تھرٹی کے ذریعے پاکستان پہنچایا گیا۔ چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مشکل گھڑی میں ساتھ دینے پر چین کے شکر گزار ہیں۔

چین سے امدادی سامان کا ایک اورجہاز اسلام آباد پہنچا تو چینی سفیر نے سامان چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کے حوالےکیا۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے بتایا کہ ووہان سے آنیوالی خصوصی پرواز میں تقریباً 6 ٹن سامان بھیجا گیا ہے جس میں 15 وینٹی لیٹرز، این 95 ماسک اور دوسری طبی اشیا شامل ہیں۔

اس موقع پر چینی سفیر نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کےساتھ ہیں۔ چین سے اب تک امدادی سامان کے چار جہاز پاکستان پہنچ چکے ہیں۔ ووہان سے آنیوالا یہ پانچواں امدادی جہاز ہے۔

بلوچستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریض بڑھ گئے

بلوچستان میں کروناوائرس کے نئے کیسز سامنے کے بعد متاثرین کی تعداد 138 تک پہنچ گئی ہے۔ محکمہ صحت کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس متاثرہ مزید 3 افراد میں کرونا وائرس کی موجودگی تصدیق ہوئی ہے۔

اب تک ٹیسٹ کے بعد 1275 افراد میں کورونا وائرس کی رپورٹ نیگٹو آئی ہے۔ مشتبہ مریضوں کی تعداد 1710 ہے جبکہ 2 مریض صحتیاب ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں جبکہ ایک شخص کورونا وائرس کے باعث جاں بحق ہوا۔

خبیر پختونخوا میں کورونا وائرس کا بڑھتا پھیلاؤ، مریضوں کی تعداد 188 ہوگئی

خبیر پختونخوا میں کورونا وائرس کے باعث مریضوں کی تعداد 188 ہو گئی ہے۔ وزیراعلیٰ محمود خان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر وہ خود کو پندرہ روز تک گھروں تک محدود رکھیں تو اس وبا کو شکست سے دے سکتے ہیں۔

وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا ہے کہ حکومت کو موجودہ صورت حال میں ہر خاندان کی مشکلات کا اندازہ ہے۔ تمام افراد کی ضروریات کا خیال رکھا جائے گا۔ روزمرہ کی اشیا کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ مزدور اور دہاڑی دار طبقے کے لیے مجموعی طور پر 32 ارب روپے کے ریلیف پیکج کی منظوری دی گئی ہے۔

لوئر دیر: خاتون کے انتقال کے بعد گاؤں زیارت تالاش سیل

لوئر دیر میں خاتون کے انتقال کے بعد گاؤں زیارت تالاش کو سیل کئے ہوئے دو دن ہو گئے۔ انتظامیہ نے اٹھائیس سو افراد کو امدادی سامان پہنچایا۔ خیال رہے کہ کورونا وائرس سے مریضہ کی موت کے بعد پورے علاقے کے 190 گھروں کو قرنطینہ قرار دیا گیا ہے۔

لوگ دو روز سے مسلسل گھروں میں محصور ہو کر باہر نہیں نکل سکتے جس لیے انتظامیہ کے رضا کاروں نے امدادی سامان پہنچایا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فوکل پرسن ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر ارشاد روغانی نے کہا کہ قرنطینہ قرار دینے والے علاقے کے لوگوں سے 7 افرا کے کرونا ٹیسٹ بجھوا دیے گئے ہیں، جوں ہی رزلٹ مل جائے تو مزید اقدامات اٹھائیں گے۔

پاکستان کا بھارت سے مقبوضہ کشمیر میں قیدیوں کی رہائی اور پابندیاں ہٹانے کا مطالبہ

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے لگائی جانے والی پابندیوں پر تشویش ہے۔ کورونا کے بڑھتے کیسز اور 2 ہلاکتوں کے باوجود مقبوضہ کشمیر کے ہزاروں لوگ جیلوں میں قید ہیں۔ قیدوں کو نامعلوم مقامات پر اپنے لواحقین سے دور رکھا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ حریت رہنماؤں کو گھروں میں نظر بند اور بعض کو جیلوں میں قید کیا ہوا ہے۔ حریت رہنما یاسین ملک اور آسیہ اندرابی کو جھوٹے مقدمات میں قید کیا گیا ہے۔ 5 اگست 2019ء سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں سکولاور کالجز بند ہیں۔ انٹرنیٹ کی بندش سے طالبعلم آن لائن بھی تعلیم حاصل نہیں کر سکتے۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ دنیا کورونا سے لڑنے میں مصروف ہے لیکن بھارتی فوج کشمیریوں کی زندگیوں کو اجیرن کر رہی ہے۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر توجہ دے اور فوری پابندیاں ہٹانے کا مطالبہ کرے۔ بھارتی حکومت ہزاروں نوجوانوں اور حریت رہنماؤں کی رہائی یقینی بنائے۔ مقبوضہ کشمیر میں انٹرنیٹ کی بحالی اور قابض فوج کا انخلا یقینی بنایا جائے۔

پنجاب حکومت کے لاک ڈاؤن سے بے روزگار ہونے والے افراد کیلئے اقدامات

حکومت پنجاب کی جانب سے مستحقین کو راشن اور امداد دینے کیلئے فارم کا ابتدائی مسودہ تیار کر لیا گیا ہے۔ فارم کو حتمی شکل چند روز میں دے دی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق فارم میں بے روزگار افراد سے مختلف کوائف مانگے گئے ہیں۔ فارم میں ذاتی کوائف، افراد خانہ اور گھرانے کی آمدن بتانا ہو گی۔ ذرائع آمدن، اثاثہ جات اور امدادی کوائف بھی بتانا ہوں گے۔

فارم جمع کروانے کے بعد محکمہ لیبر اور انسانی وسائل، ورکرز ویلفیئر بورڈ بے روز گارافراد کی نشاندہی کرے گا۔ پنجاب ایمپلائز سوشل سیکورٹی اور ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس بھی بے روزگار افراد کی نشاندہی کرے گا۔

فارم میں گھر میں کمانے والے افراد کی تعداد بتانا ہوگی۔ بے روزگار افراد امداد کے اہل ہیں یا نہیں؟، پچھلے تین ماہ کے بجلی کے بل سے بھی اندازہ لگایا جائے گا۔

سابقہ روزگار کیا تھا؟، دہاڑی دار، دوکاندار یا اڈا تھا سب بتانا ہوگا۔ گھر ذاتی ہے یا کرایہ کا؟ اور کتنے مرلے کا یہ بھی ڈیکلیئر کرنا ہوگا۔

لاہور: کرونا وائرس سے بچاؤ کا معاملہ، کیمپ جیل سے 250 قیدی رہا کرنے کا حکم

سیشن جج اور سینئر جج صابر حسین نے کیمپ جیل کا دورہ کیا۔ انہوں نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے معمولی جرائم میں ملوث 250 قیدی رہا کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے کیمپ جیل میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

حکومت بلوچستان کا قیدیوں کی سزاؤں میں چار ماہ کی کمی کا اعلان

حکومت بلوچستان نے قیدیوں کی سزاؤں میں چار ماہ کی کمی کا اعلان کر دیا ہے۔ رعایت کرونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر دی گئی ہے۔ تاہم دہشتگردی اور بم دھماکوں سمیت سنگین جرائم میں ملوث قیدیوں پر اطلاق نہیں ہوگا۔

گلگت اور سکردو جانے والے مسافروں کے لئے سفری ہدایت نامہ جاری

کورونا وائرس کی روک تھام اور تدارک کے لئے پی آئی اے کی جانب سے گلگت اور سکردو جانے والے مسافروں کے لئے سفری ہدایت نامہ جاری کر دیا گیا ہے۔

اس ہدایت نامے کے تحت مسافروں کو ماسک کے استعمال کو لازمی قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ تمام مسافر ائیرپورٹ آنے سے قبل احتیاطی تدابیر لازمی اختیار کریں اور ماسک پہن کر آئیں۔ بغیر ماسک والے مسافروں کو بورڈنگ پاس جاری نہیں کئے جائیں گے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پی آئی اے کی ہر پرواز کی ڈس انفیکشن بین الاقوامی معیار کے مطابق کی جاتی ہے۔ جہازوں پر مسافروں کو سوار ہونے سے قبل اور دوران پرواز ڈی سینیٹائزیشن کروائی جاتی ہے۔ پی آئی اے اپنے مسافروں اور کریو کی حفاظت اور صحت کو مقدم رکھتی ہے۔ وزیراعظم پاکستان کی خصوصی ہدایات پر شمالی علاقوں سے رابطہ بحال رکھنے کیلئے پروازیں جاری ہیں۔

یونیورسٹیز کی بندش کے پیش نظر ہائر ایجوکیشن کمیشن کی پالیسی گائیڈ لائن جاری

ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے تمام یونیورسٹیز کو آن لائن کلاسز شروع کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ آن لائن کلاسز شروع کرنے کی اجازت طالب علموں کے قیمتی سال کو بچانے کے لئے دی گئی ہے۔ آن لائن کلاسز کی سہولت سے لیس یونیورسٹیز فوری طور پر کلاسز شروع کر سکتی ہیں۔

آن لائن ٹیچنگ سسٹم کی عدم دستیابی کی صورت میں یونیورسٹیز یکم جون سے کلاسز کا آغاز کریں گی۔ آن لائن ٹیچنگ طریقہ کار پر منتقلی کے لئے تکنیکی مہارت فراہم کرنے کے لئے ایچ ای سی کا ٹیکنیکل سپورٹ کمیٹی کا قیام آن لائن موجود تعلیمی مواد کے معیار کو پرکھنے کے لئے ٹاسک نیشنل اکیڈمی فار ہائر ایجوکیشن کو دیدیا گیا۔

تعلیمی مواد تک رسائی کے لئے نیشنل نالج بینک قائم کر دیا گیا ہے۔ یونیورسٹیز معیاری آن لائن تعلیم کو یقینی بنائیں گی۔ تمام حلقوں نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اس اقدام کو سراہا ہے۔