وزیراعظم کا جی 20 ممالک اور عالمی مالیاتی اداروں کے اقدامات کا خیر مقدم

Last Updated On 16 April,2020 10:50 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر تقری پذیر ممالک کو قرضوں پر ریلیف دینے کے اقدام کا خیر مقدم کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان سے مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے ملاقات کی جس میں انہوں نے آئی ایم ایف سے 1.4 بلین ڈالر کی اضافی مراعات کی منظوری اور حکومت کے اعلان کردہ اقتصادی پیکیج پر عملدرآمد سے انھیں آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے کورنا وبا سے نمٹنے کے لیے جی 20، آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے اقدامات کا خیر مقدم کیا۔

چئیرپرسن احساس پروگرام ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بھی وزیراعظم کو ایمرجنسی کیش پروگرام کی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ خوشی ہے کہ یہ پروگرام مکمل طور پر شفاف اور میرٹ پر مبنی ہے۔ سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر دور دراز علاقوں میں غریب عوام کو ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اس پروگرام سے مستفید ہوں۔

وزیراعظم عمران خان سے صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم نے بھی ملاقات ہوئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ کاروباری سرگرمیاں بند ہونے سے ملکی معیشت اور کم آمدن افراد پر اس کے اثرات کا مکمل ادراک ہے۔ کورونا وبا کے پیش نظر کارخانوں میں کام کرنے والے محنت کشوں کی حفاظت یقینی بنائی جائے۔