احتیاط ہی کورونا کا علاج، مشکل وقت میں قومیں متحد ہو جاتی ہیں: فردوس عاشق اعوان

Last Updated On 17 April,2020 03:44 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ احتیاط ہی کورونا وائرس کا علاج، مشکل وقت میں قومیں متحد ہو جاتی ہیں، عالمی وبا سے دنیا کی معیشت کی سانسیں اکھڑ چکی ہیں، حفاظتی کٹس سب سے پہلے طبی عملے کو دی جائیں گی، ایمرجنسی میں ڈیوٹی دینے والے ڈاکٹر کو حفاظتی کٹس کی زیادہ ضرورت ہے۔

 وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا حکومت کورونا سے نمٹنے کیلئے کوشاں ہے، مشکل وقت میں قومیں متحد ہو جاتی ہیں، کورونا وائرس کی وبا ایک چیلنج ہے، دنیا بھر میں کورونا نے معیشتوں کو تباہ کر دیا، میڈیا موثر اور ہر اول دستے کا کردار ادا کر رہا ہے، دنیا کی جدید ٹیکنالوجی سے جڑی پوری دنیا لڑکھڑا چکی ہے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا دنیا بھر میں طبی عملہ کورونا کیخلاف فرنٹ لائن پر ہے، میڈیا کی آنکھ اور سکرین دنیا کا ہر روپ دیکھ اور بیان کر رہی ہے، پہلے سے پریشان طبقہ کورونا سے مزید مشکلات کا شکار ہوگیا، میڈیا کیلئے بھی بیل آؤٹ پیکج پر مشاورت جاری ہے، کورونا سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات نے مزید کہا کنسٹرکشن سے متعلق آرڈیننس لانے کا مقصد مزدور اور دیہاڑی دار طبقے کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے، تعمیراتی صنعت کو مراعات دینے سے مزدور طبقہ مستفید ہوگا، ماہ رمضان سے پہلے ٹائیگر فورس کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ ہوا ہے۔