سارک ممالک کا کورونا وائرس کیساتھ مقابلہ کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق

Last Updated On 23 April,2020 08:20 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سارک ممالک نے کورونا وائرس کے حوالے سے صحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے اور وبا سے مقابلہ کرنے کیلئے مل جل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

پاکستان نے سارک وزرا صحت کی ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا جس کی صدارت وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے صدارت کی۔

سارک ممالک کے وزرا صحت اور صحت کے شعبہ سے متعلقہ سینیٹر آفیشلز نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ سارک ممالک نے پاکستان کے اس اقدام کو سراہا اور شعبہ صحت اور خاص طور پر کورونا وائرس کی وبا کے تعاون پر اتفاق کیا۔

اجلاس میں تمام سارک ممالک نے کورونا وائرس کے حوالے سے اپنے اپنے تجربات سے آگاہ کیا۔ تمام ممالک نے صحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے اور کرونا وائرس کی وبا سے مقابلہ کرنے کیلئے مل جل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے حکومت پاکستان کے اقدامات اور پاکستان کی سارک کوششوں اور نیشنل ایکشن پلان سے بھی آگاہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران کی سربراہی میں قومی رابطہ کمیٹی کورونا وائرس کے خلاف سرگرم عمل ہے۔ پاکستان سمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی پر کام کر رہا ہے تاکہ بیماری کے بچاؤ کے ساتھ ساتھ معیشت کے منفی اثرات سے بھی بچا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس ایک عالمی وبا ہے جس کے اثرات دوررس ہیں۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے سارک چارٹر کے تحت صحت کے شعبہ میں ٹیکنیکل کمیٹی کو فعال کرنے کی ضرورت پر زوردیا اور کہا کہ کورونا وائرس سے مقابلہ کرنے کیلئے علاقائی تعاون نہایت اہم ہے۔
 

Advertisement