وفاق صوبائی حکومتوں کی توقع کے مطابق مدد نہیں کر رہا، بلاول بھٹو زرداری

Last Updated On 23 April,2020 11:56 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عوام سے اپیل کی ہے کہ گھروں میں رہ کر ماہ رمضان کی عبادات کریں۔ وزیراعظم کا وہ پابندیاں اٹھانے کا اعلان سمجھ سے بالاتر ہے جن پر پہلے عمل ہو رہا تھا۔ وفاق صوبائی حکومتوں کی توقع کے مطابق مدد نہیں کر رہا۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں کہا کہ عوام ماہ رمضان میں گھر پر رہ کر عبادات کریں، زندگی بچائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پابندیاں اٹھانے پر وزیراعظم کا بیان سمجھ سے بالاتر ہے۔ لاک ڈاﺅن کے پہلے چند ہفتے بہت بہتر گزر رہے تھے، لوگ پاسداری کر رہے تھے لیکن پھر عمران خان نے پابندیوں نرم کر دیں۔

انہوں نے کہا کہ حجام اور درزیوں کی دکانیں کھولنے کا حکم دے دیا، اس کے بعد مذہبی طبقوں کو سمجھانا مشکل ہو گیا۔ سعودی عرب اور دیگر اسلامی ممالک نے شہریوں کی حفاظت کے لیے باجماعت نماز پر پابندی لگائی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ وقت مقبول فیصلے کرنے کا نہیں طبی ماہرین سے مشورہ کرکے فیصلے کرنے کا ہے۔ وفاق صوبائی حکومتوں کی توقع کے مطابق مدد نہیں کر رہی، سندھ اس فلسفے پر کام کر رہا ہے کہ معیشت دوبارہ زندہ ہوسکتی ہے انسان نہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ وبا سے پہلے بھی پاکستان کی معیشت کمزور اور بد انتظامی کا شکار تھی، حیرت ہے کہ تعمیراتی شعبے کو ریلیف پیکیج دیا گیا ڈاکٹروں، نرسوں کو نہیں۔ بدقسمتی کی بات ہے کہ پاکستان میں وبا سے نمٹنے کے لئے قومی یکجہتی پیدا نہیں کی گئی۔