وزیراعلیٰ پنجاب کا قرنطینہ ہوٹلز میں شکایات کا نوٹس، رپورٹ طلب

Last Updated On 04 May,2020 02:20 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعلی پنجاب نے ہوٹلوں میں مقیم کورونٹائن مسافروں کو غیر معیاری اور مہنگے داموں کھانے کے معاملے کا نوٹس لے لیا۔ عثمان بزدار نے کمشنر لاہور ڈویژن اور پنجاب فوڈ اتھارٹی سے رپورٹ طلب کر کے معاملے کی انکوائری کا حکم دے دیا۔

وزیراعلی عثمان بزدار نے جاری ہدایات میں کہا ہے کہ غیر معیاری اور مہنگے داموں کھانے کی شکایات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کی جائے، ذمہ داروں کا تعین کر کے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے، ہوٹلوں میں مقیم کورنٹائن مسافروں کو معیاری اور مناسب نرخوں پر کھانے کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ہوٹلوں کو کورنٹائن مسافروں کیلئے مہنگے داموں غیر معیاری کھانا فراہم کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی، مشکل کی گھڑی میں کورنٹائن مسافروں کے مسائل حل کرنا میری ذمہ داری ہے، مہنگے داموں غیر معیاری کھانے کے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی ہوگی۔

خیال رہے بیرون ملک سے آکر ہو ٹلوں میں کورنٹائن ہونے والے مسافروں نے ہوٹلز انتظامیہ کے متعلق شکایات کی تھیں۔ ہوٹلوں میں مقیم مسافروں نے احتجاج کیا تھا کہ سحری و افطاری میں غیر معیاری اور مہنگے داموں کھانا دیا جا رہا ہے۔