انڈیا جھوٹے فلیگ آپریشن کی تیاری میں مصروف ہے، وزیراعظم عمران خان

Last Updated On 17 May,2020 09:42 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے دنیا کو متنبہ کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لیے مودی سرکار فالس فلیگ آپریشن کی تیاری میں مصروف ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بھارتی ہندو انتہا پسند تنظیم آر ایس ایس سے متاثر نریندر مودی کا مقبوضہ کشمیر سے متعلق نظریہ واضح ہو چکا ہے، انہوں نے غیر قانونی طریقے سے قبضہ کرکے کشمیریوں کو حق خود ارادیت سے محروم کیا۔

 

وزیرِاعظم عمران خان نے کہا کہ مودی سرکار کشمیری بچوں اور عورتوں پر پیلٹ گنز جیسے ہتھیار استعمال کرکے غیر انسانی سلوک کر رہی ہے۔ غیر انسانی لاک ڈاؤن سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو بنیادی اشیا اور ادویات سے بھی محروم رکھا جا رہا ہے۔

 

انہوں نے اپنی ٹویٹ می لکھا کہ کشمیری نوجوانوں کو قید اور مواصلاتی رابطے ختم کرکے مقبوضہ کشمیر کو دنیا سے الگ کر دیا گیا ہے۔ مودی کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو دہشتگردی کی اعانت سے جوڑنے کی کوشش کر رہا ہے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ مودی مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشتگردی سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے اور کشمیر سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے جھوٹے فلیگ آپریشن کی تیاری میں مصروف ہے۔