ٹرین بحالی فیصلے پر صوبائی حکومت کو اعتماد میں نہیں لیا گیا، وزیر ٹرانسپورٹ سندھ

Last Updated On 18 May,2020 07:34 pm

کراچی: (دنیا نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ سندھ نے ٹرین بحالی فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس اہم معاملے پر صوبائی حکومت کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔

وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس قادر نے اپنے بیان میں کہا کہ دیکھیں گے کہ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد اپنی زبان پر کتناعمل کرتے ہیں۔ ایس او پیز پر عمل نہیں ہوا تو انھیں مستعفی ہونا پڑے گا۔

اویس قادر نے سوال اٹھایا کہ کیا ادارے کا خسارہ لوگوں کی جانوں سے پورا کرنا ہے؟ وفاق کچھ معاملات پر مشاورت نہیں کرتا۔ انہوں نے بتایا کہ انٹر سٹی ٹرانسپورٹرز سے بات چیت جاری ہے۔ تاہم ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی سے متعلق ابھی بات نہیں ہوئی۔

خیال رہے کہ وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں 20 مئی سے 30 ٹرینیں چلانے کی منظوری دے دی گئی ہے، ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حالات سازگار رہے تو یکم جون سے تمام ٹرینیں بحال کر دیں گے۔ ٹرینوں کا نیا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے ٹرینیں چلانے کی منظوری دی ہے۔ ایس او پیز پر عمل در آمد کے حوالے سے کل تمام سٹیشنوں پر ریہرسل کی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ ٹرینوں میں سواری آدھی کر دی گئی ہے اور کرایہ میں اضافہ نہیں کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے نے عوام سے مسافروں کو چھوڑنے کے لیے ریلوے اسٹیشن نہ آنے کی التجا کرتے ہوئے کہا کہ صرف مسافر ریلوے سٹیشن آئیں۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی ہوئی تو ڈویژن ہیڈ کیخلاف کارروائی کروں گا۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس وبا کے پیش نظر ملک بھر میں 24 مارچ کو ٹرین سروس بند کر دی گئی تھیں جس کے باعث شہروں سے دور دراز علاقوں میں اپنے گھروں کو جانے کے لیے مسافروں کو پریشانی کا سامنا تھا۔