2 ماہ بعد ریلوے کا آپریشن بحال، پردیسیوں کی گھروں کو واپسی شروع ہوگئی

Last Updated On 20 May,2020 10:10 am

لاہور: (دنیا نیوز) دو ماہ بعد ملک بھر میں ریل کا پہیہ چل پڑا، پردیسیوں کی گھروں کو واپسی شروع ہوگئی۔ لاہور سے پہلی ٹرین صبح ساڑھے 6 بجے روالپنڈی کیلئے اور پاکستان ایکسپریس راولپنڈی سے کراچی کیلئے روانہ ہوئی۔

لاہور سے پہلی ٹرین سبک خرام راولپنڈی کے لیے صبح 6 بجکر 30 منٹ پر چلی، راولپنڈی ریلوے سٹیشن سے پاکستان ایکسپر یس کراچی کیلئے اور ریل کار لاہور کیلئے روانہ ہوئی۔ سٹیشنز پر سینیٹائزنگ واک تھرو گیٹ نصب کئے گئے جہاں سے مسافروں کو گزار کر ٹرین میں سوار کیا گیا۔

کراچی سے پشاور جانیوالی ٹرین عوام ایکسپریس کے ذریعے ٹرین آپریشن کا آغاز کیا گیا، دیگر ٹرینیں بھی شیڈول کے مطابق منزل کی جانب روانہ ہو رہی ہیں، گرین لائن ایکسپریس رات 3 بجے مارگلہ ریلوے سٹیشن سے چلے گی، کراچی سے راولپنڈی کے لیے تیز گام کی روانگی شام 6 بجے ہوگی۔

تیز گام ایکسپریس کراچی سے آج شام 6 بجے، پاک بزنس ایکسپریس کراچی سے جمعرات سہ پہر 4 بجے اور لاہور سے 4 بجکر 30 منٹ پر روانہ ہوگی، جعفر ایکسپریس کل کوئٹہ سے صبح 9 بجے اور پشاور سے 9 بجکر 30 منٹ پر چلے گی۔

ریلوے انتظامیہ کی جانب سے 30 ٹرینوں کا شیڈول جاری کیا گیا، ریلوے حکام کے مطابق ٹرینوں کے ریزرویشن دفاتر بند ہیں، بکنگ صرف آئن لائن کی جائیگی، مسافروں کو روانگی سے ایک گھنٹہ پہلے سٹیشن میں داخلہ کی اجازت ہوگی، اہلخانہ سٹیشن نہیں آسکیں گے، مسافروں کو ماسک پہننے، سینیٹائزر، دستانے اور صابن اپنے ساتھ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے، ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنیوالوں کو جرمانہ کیا جائے گا۔