لندن: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ ہمارا کیلنڈر بتا رہا ہے کہ چوبیس تاریخ کو عید ہے۔
یہ بات انہوں نے پاکستان پریس کلب انٹرنیشنل کے زیر اہتمام اوورسیز صحافیوں سے ورچوئل میٹ دی پریس سے خطاب میں کہی۔ فواد چودھری کا کہنا تھا کہ رویت ہلال فرقہ وارانہ مسئلہ بن چکی ہے۔ مفتی منیب الرحمن اور مفتی پوپلزئی دو انتہاؤں پر کھڑے ہیں۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ حکومت ہمیشہ کہتی ہے کہ جو وقت گزر جائے اچھا ہے۔ کبھی پوپلزئی صاحب اور کبھی مفتی منیب صاحب کے ساتھ مسئلہ بن جاتا ہے۔
کورونا وائرس بارے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک پاکستان میں حالات کنٹرول میں ہیں۔ پاکستان میں سینتالیس لوگ وینٹی لیٹر پر ہیں۔ آبادی اتنی زیادہ ہے کہ وائرس کا حملہ بڑھا تو مشکل ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ عیدالفطر چوبیس تاریخ بروز اتوار کو ہوگی۔ چاند میرے یا مفتی صاحبان کے کہنے پر مدار نہیں بدلے گا۔ رویت ہلال فرقہ ورانہ مسئلہ بن چکی ہے۔ مستقبل میں مولوی صاحبان کو چیلنج درپیش ہوگا کہ چاند پر رہنے والوں نے عید کیسے منانی ہے۔