اسلام آباد ہائیکورٹ نے میئر اسلام آباد انصر عزیز کو عہدے پر بحال کر دیا

Last Updated On 21 May,2020 01:54 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی کی عدالت نے میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز کی معطلی کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے میئر کو عہدے پر بحال کر دیا۔

میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز اپنے وکیل عادل عزیز قاضی کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔ اس موقع پر سیکرٹری چیئرمین لوکل کمیشن افسر علی سفیان عدالت میں اصل ریکارڈ کے ہمراہ پیش ہوئے۔ عدالت نے سیکرٹری چیئرمین لوکل کمیشن کی جانب سے پیش کیے گئے ریکارڈ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عدالت میں ریکارڈ ایسا پیش کیا جاتا ہے، کیا ایم سی آئی کے ساتویں اجلاس کے ایجنڈے میں میئر کی معطلی شامل تھی۔

سیکرٹری چیئرمین لوکل کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ نہیں اجلاس کے ایجنڈے میں شامل نہیں تھا، جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے درخواست کی سماعت میں کچھ دیر کا وقفہ کردیا اور بعد ازاں سماعت کے دوران وفاقی حکومت کی طرف سے میئر اسلام آباد کو 90 روز کیلئے معطل کرنے کا حکم معطل کرتے ہوئے میئر کو عہدہ پر بحال کر دیا اور سماعت ملتوی کر دی گئی۔

خیال رہے وفاقی حکومت نے مئیر اسلام آباد کو کرپشن کے الزامات پر 90 دن کے لئے معطل کر دیا تھا۔ مئیر کی معطلی کا فیصلہ اسلام آباد میں انٹرا سٹی ویگن اڈوں کو خلاف ضابطہ ٹھیکہ دینے پر کیا گیا۔