طیارہ حادثہ تحقیقات:‌ فرانسیسی ٹیم کا جائے حادثہ کا معائنہ، شواہد اکٹھے کئے

Last Updated On 26 May,2020 03:57 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں پی آئی اے طیارے کی حادثے کی تحقیقات کیلئے آنے والی فرانسیسی ٹیم کو ایئر کرافٹ ایکسیڈنٹ اینڈ انویسٹی گیشن بورڈ کی ٹیم نے بریفنگ دی ،سخت سکیورٹی انتظامات میں ٹیم نے ماڈل کالونی میں حادثے کے مقام کا دورہ بھی کیا، معائنے کے دوران شواہد اکٹھے کئے۔

 

پی آئی اے کے طیارے ایئربس اے تھری ٹوئنٹی کے بائیس مئی کو کریش ہونے کا معاملہ، تحقیقات میں معاونت کیلئے فرانسیسی ٹیم منگل کی صبح خصوصی پرواز سےکراچی پہنچ گئی، ٹیم کو لانے والا طیارہ واپس روانہ ہو گیا۔

ایئر کرافٹ ایکسیڈنٹ اینڈ انویسٹی گیشن بورڈ نے ایئر بس ماہرین کو بریفنگ دی، ٹیم کو ملبے سے ملنے والے بلیک باکس اور ڈیٹا ریکارڈر کے متعلق بھی معلومات دی گئیں۔ یہ دونوں آلات ٹیم کے حوالے کئے جائیں گے جو انہیں ڈی کوڈ کرے گی۔

ڈی کوڈ ہونے کے بعد جہاز کی روانگی سے گرنے تک کپتان اور معاون کپتان کی گفتگو سنی جاسکے گی، اس بات کا جائزہ لینے میں مدد ملے گی کہ کاک پٹ عملے نے ایئربس کے طے شدہ پروسیجر پر کس حد تک عمل کیا۔

ٹیم کے دورے سے قبل جائے حادثہ کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حصار میں لے لیا۔ سخت سیکیورٹی انتظامات میں ٹیم نے ماڈل کالونی میں طیارہ حادثہ کے مقام کا دورہ کیا، ٹیم کے ہمراہ سول ایوی ایشن اور پی آئی اے حکام بھی تھے، ٹیم نے سوا گھنٹہ تک تباہ شدہ طیارے کے ملبے کا جائزہ لیا
انجنوں، لینڈنگ گیئر، ونگز فلائٹ کنٹرول سسٹم اور متاثر ہونے والے مکانات کا معائنہ کیا گیا۔ ٹیم کی جانب سے تصاویر اور ویڈیوز بھی بنائی گئیں۔ ائیربس ماہرین کی ٹیم رن وے کا بھی جائزہ لے گی۔

دوسری طرف پی آئی اے ترجمان کے مطابق ایئر کریش میں مہارت رکھنے والی دس رکنی تکنیکی ٹیم تحقیقات سے منسلک ہے جس میں کسی متعلقہ ادارے کے افراد شامل نہیں ہوں گے، صرف طلب کی گئی معلومات، دستاویزات یا ریکارڈ دیں گے۔