راولپنڈی: (دنیا نیوز) چین کے بعد پاکستان نے بھی بھارت کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے اس کا جاسوس ڈرون مار گرایا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی) آر کے مطابق بھارتی جاسوس ڈرون کواڈ کاپٹر کو رکھ چکری سیکٹر میں مار گرایا گیا۔ بھارتی جاسوس ڈرون 650 میٹر پاکستانی حدود میں داخل ہو گیا تھا۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب انڈیا نے ڈرون کی مدد سے پاکستان کی جاسوس کرنے کی ناکام کوشش کی۔ رواں سال اپریل میں بھی پاک فوج نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرنے پر بھارت کا جاسوس ڈرون مار گرایا تھا۔ اس بھارتی جاسوس ڈرون نے سنکھ سیکٹر میں ایل او سی کی خلاف ورزی کی تھی اور 600 میٹر تک پاکستان کی سرزمین کے اندر آیا تھا۔
گزشتہ سال پاک فوج نے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملاتے ہوئے 3 ڈرون مار گرائے تھے۔ پہلا کواڈ کاپٹر یکم جنوری 2019ء کو باغ سیکٹر میں گرایا گیا تھا۔ ایک روز بعد ہی بھارت نے دوبارہ پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی کوشش کی جسے پاک فوج نے ناکام بناتے ہوئے ستوال سیکٹر میں جاسوس ڈرون مار گرایا تھا۔
پلوامہ واقعے کے بعد بھارت کا ایک جاسوس ڈرون پاکستانی حدود میں 150 میٹر گھس آیا تھا جسے ایل او سی کے رکھ چکری سیکٹر میں گرادیا گیا تھا۔
6 مارچ 2018ء کو چری کوٹ سیکٹر میں پاک فوج نے بھارت کا جاسوس کواڈ کاپٹر مار گرایا تھا۔ اکتوبر 2017ء میں رکھ چکری سیکٹر میں جاسوسی کرنے والے بھارتی ڈرون کو مار گرایا تھا۔
نومبر 2016ء میں پاکستانی حدود میں 60 میٹر اندر گھسنے والے بھارتی ڈرون کو پاک فوج نے نشانہ بنا کر گرا دیا تھا۔ اس کے علاوہ 15 جولائی 2015ء کو بھمبر کے علاقے میں گرایا گیا تھا جو پاکستانی علاقوں کی فوٹو اتارنے کی کوشش کر رہا تھا۔