لاہورمیں کورونا تباہی مچانے کیلئے تیار،7لاکھ سے زائد افراد متاثر ہونے کا خدشہ

Last Updated On 01 June,2020 11:10 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں امریکا کے بعد سب سے زیادہ کورونا کے مریض، 6 لاکھ 70 ہزارکیسز موجود ہونے کا اندازہ ہے، سمارٹ سیمپلنگ میں مثبت ٹیسٹوں کی شرح 6 فیصد سے زائد ریکارڈ کی گئی، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کوبھیجی گئی محکمہ صحت کی سمری میں چشم کشا انکشاف سامنے آئے ہیں جبکہ صوبائی دارالحکومت میں مکمل لاک ڈاؤن کی سفارش کی گئی ہے۔

لاہور میں سمارٹ سیمپلنگ محکمہ صحت کی سمری وزیر اعلی پنجاب کو ارسال کر دی گئی، جس میں لاہور میں سمارٹ سیمپلنگ کے نتائج اور سفارشات پیش کی گئیں۔ سیکرٹری سپشلائزڈ اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کی جانب سے سمری اور سفارشات بھجوائی گئیں۔

لاہور میں سمارٹ سیمپلنگ کے دوران کئے جانے والے ٹیسٹوں میں 6 فیصد کا رزلٹ پازیٹو رہا، لاہور کے 6 ٹاونز میں پازیٹو ٹیسٹ کی شرح 14 اعشاریہ 7 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ سمارٹ سیمپلنگ مختلف ہاٹ سپاٹس، ورک سٹیشنز اور رہائشی علاقوں سے کی گئی۔

خیال رہے پاکستان میں کورونا کے متاثرین تیزی سے بڑھنے لگے، ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 72 ہزار 460 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 60 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد ایک ہزار 543 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2964 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 26 ہزار 240، سندھ میں 28 ہزار 245، خیبر پختونخوا میں 10 ہزار 27، بلوچستان میں 4 ہزار 393، گلگت بلتستان میں 711، اسلام آباد میں 2 ہزار 589 جبکہ آزاد کشمیر میں 255 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 5 لاکھ 61 ہزار 136 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 14 ہزار 398 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 26 ہزار 83 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ کئی مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
 

Advertisement