لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ہم اس سیاسی انتقام سے بھاگنے والے نہیں ہیں، بدھ کو ہائیکورٹ میں پیش ہونگے۔
میاں شہباز شریف کی رہائش گاہ 96 ایچ ماڈل ٹاؤن کے باہر میڈیا نمائںدوں سے گفتگو میں انہوں نے نیب کی جانب سے اٹھائے گئے اقدام کی پرزور الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ کرائے کے ترجمان سیاسی مخالفین پر جھوٹے الزامات لگاتے ہیں۔ چیئرمین سن لیں، نیب کی ٹیم اگر شہباز شریف کو گرفتار کرنے آئی تو عوام عمران کو گرفتار کرنے بنی گالہ جائے گی۔
مریم اورنگزیب نے الزام عائد کیا کہ تمام چیزیں عمران خان کے حکم پر ہو رہی ہیں۔ پوری قوم انتقامی کارروائی سے واقف ہے۔ نیب نیازی گٹھ جوڑ کی کارروائی سیاسی انتقام پر مبنی ہے۔ سپریم کورٹ نے بھی نیب کارروائیوں کو کارروائیاں بدنیتی قرار دیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ بلین ٹری سونامی اور چینی چوری ہوئی لیکن کوئی گرفتاری نہیں ہوئی۔ چینی چوری رپورٹ پر نیب کا نوٹس کدھر گیا؟ چینی چور وزیراعظم کو ہاتھ لگانے کی کسی میں جرات نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نیب میں پیش ہوتے رہے ہیں، انہوں نے ہر پیشی پر سوالنامہ جمع کرایا۔ شہباز شریف نے نیب کو خط میں بتایا کہ نیب کے افسران کو کورونا ہو گیا ہے، اس لیے پیش نہیں ہو سکتے۔
انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ پیٹشن میں لکھا ہے تمام کارروائی بدنیتی پر مبنی ہے۔ جب ہائی کورٹ میں پیٹشن چلی گئی تو آج عمران کے حکم پر سرکس توہین عدالت ہے۔ ہم بھاگنے والوں میں سے نہیں، کل ہائیکورٹ میں جائیں گے۔
لیگی ترجمان کا کہنا تھا کہ ماڈل ٹاؤن میں اس وقت کرفیو نافذ ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے ورکرز پر لاٹھی چارج کیا جا رہا ہے۔ اس وقت نیب نیازی گٹھ جوڑ کی سرکس لگی ہوئی ہے۔