امریکی خاتون کے بینظیر بھٹو پر الزامات، مقدمہ کیلئے پیپلز پارٹی نے درخواست دائر کر دی

Last Updated On 07 June,2020 10:34 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) امریکی خاتون سینتھیا ڈی رچی کی طرف سے سابق وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو پر الزامات کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی نے مقدمہ درج کرنے کی درخواست دائر کر دی۔

تفصیلات کے مطابق امریکی خاتون کی طرف سے سابق وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو پر الزامات لگانے کے بعد پیپلز پارٹی کی اسلام آباد کی مقامی قیادت نے اندراج مقدمہ درج کی درخواست دیدی ہے۔ درخواست اسلام آباد کے صدر شکیل عباسی نے مقدمہ درج نہ کرنے پر سیشن جج کو درخواست دی۔

ایڈیشنل سیشن جج جہانگیر اعوان نے امریکی خاتون کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔ عدالت نے امریکی خاتون کیساتھ ساتھ ایف آئی اے اور پی ٹی اے کو بھی نوٹس جاری کر دیا اور 9 جون تک جواب طلب کر لیا۔

عدالت نے نوٹس میں کہا ہے کہ امریکی صحافی سینتھیا ڈی رچی 9 جون کو اصالتاً یا وکالتاً پیش ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: رحمان ملک نے زیادتی کا نشانہ بنایا، گیلانی نے دست درازی کی: امریکی خاتون کا الزام

دوسری طرف پاکستان میں امریکی سفارت خانے کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکی سفارت خانہ پاکستان میں تمام امریکیوں کومناسب خدمات اورسپورٹ فراہم کرتا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ذاتی حیثیت میں مقیم بعض امریکیوں کے معاملات پر وہ تبصرہ نہیں کرسکتے۔

 

یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکی خاتون گزشتہ چند روز سے سوشل میڈیا پر پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت پر سنگین الزامات لگا رہی ہیں۔

گزشتہ روز بھی انہوں نے پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر رحمان ملک پر زیادتی کا الزام عائد کیا تھا۔ انہوں نے سنگین نوعیت کے الزام اپنی ایک ویڈیو میں لگائے۔

امریکی شہری سنتھیا رچی نے پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت پر سنگین الزامات کی بوچھاڑ کرتے ہوئے کہاتھا کہ سینیٹر رحمان ملک نے اس وقت زیادتی کا نشانہ بنایا جب وہ وفاقی وزیر داخلہ تھے یہ واقعہ 2011ء میں پیش آیا۔

سنتھیا رچی نے اپنی ویڈیو میں اس کے علاوہ پیپلز پارٹی کی دیگر اعلیٰ قیادت پر بھی سنگین نوعیت کے الزامات لگائے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سابق وزیر صحت مخدوم شہاب الدین نے بھی ان کیساتھ بدسلوکی کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی خاتون کے الزامات من گھڑت، جواب دینا اپنی توہین سمجھتے ہیں: ترجمان رحمان ملک

امریکی خاتون شہری کا کہنا تھا کہ سابق وزيراعظم یوسف رضا گیلانی نے ان کیساتھ تب دست درازی کی جب، وہ ایوان صدر میں مقیم تھے۔

سنتھیا رچی کے الزامات پر دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ خاتون کے الزامات کے جوابات دینا توہین ہوگا۔ امریکی خاتون کو ایسی بات کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔

یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ اس امریکی خاتون نے شہید بینظیر پر بھی عجیب وغریب الزامات لگائے۔ کوئی بھی شہید بی بی پر الزام برداشت نہیں کر سکتا۔ علی حیدر گیلانی اور علی قاسم اس معاملے پر عدالت جا چکے ہیں۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ الزام لگانے والی خاتون ایوان صدر میں کیا کر رہی تھیں؟ سنتھیا رچی کو سیاستدانوں پر الزامات لگانے کا حق کس نے دیا ہے؟

دریں اثناء پیپلز پارٹی کے سینیٹر رحمان ملک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سابق وزیر داخلہ امریکی خاتون سنتھیا ڈی رچی کے من گھڑت، بیہودہ الزامات کے جوابات دینا اپنی توہین سمجھتے ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ سینیٹررحمان ملک نے امریکی خاتون کے بیہودہ و نازیبا الزامات کی سختی سے تردید کی ہے۔ انکے بیٹوں نے امریکی خاتون کے خلاف قانونی کارروائی اور ہتک عزت کا دعوی دائر کرنے کیلئے قانونی رائے مانگ لی ہے، امریکی خاتون کے الزامات بدنیتی پر مبنی ہیں جس کا مقصد سینیٹر رحمان ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ سنتھیا نے رحمان ملک کیخلاف نازیبا الزامات کسی مخصوص فرد یا گروہ کے اکسانے پر لگائے ہیں، رحمان ملک نے ہمیشہ بھارت کے کشمیریوں و بھارتی مسلمانوں پر مظالم کیخلاف آواز بلند کی ہے، الزامات اس وقت سامنے آئے جب بحیثیت چئیرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے داخلہ امریکی خاتون کے بینظیر کیخلاف لگائے گئے الزامات کا نوٹس لیا۔
 

Advertisement