آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور بل گیٹس کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ

Last Updated On 11 June,2020 12:26 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ اور مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جس میں انسداد پولیو مہم اور کورونا وائرس سے آگاہی مہم پر بات چیت کی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔

میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق ٹیلیفونک گفتگو کے دوران کورونا وائرس کے خطرات اور پاکستان میں انسداد پولیو مہم پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کورونا وائرس کے حوالے سے آگاہی کی فراہمی اور ٹیکنالوجی کے استعمال پر بھی بات چیت کی گئی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہیلتھ کیئر وکرز انسداد پولیو مہم میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ صحت عامہ کے حوالے سے پاک فوج اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے، انسداد پولیو مہم کے ورکرز کورونا وباء میں بھی پیش پیش ہیں۔ کورونا وائرس کے باوجود آئندہ چند ہفتوں میں پولیو مہم شروع کی جائے گی۔

اس موقع پر مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کا کہنا تھا کہ پاک فوج انسداد پولیو مہم کے لیے سکیورٹی، مانیٹرنگ سے متعلق مؤثر کردار ادا کر رہی ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور بل گیٹس کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہو چکا ہے، اس دوران بھی انسداد پولیو مہم پر بات چیت کی گئی تھی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بل گیٹس نے آرمی چیف کو ٹیلی فون کیا اور پولیو کے خاتمے کے لیے پاک فوج کی حمایت اور اقدامات کی تعریف کی اور کہا کہ پاک فوج نے وزارت صحت کے ساتھ مل کر انسداد پولیو مہم مربوط بنائی۔ پاک فوج نے انسداد پولیو ٹیم کو سیکیورٹی فراہم کی۔

آرمی چیف نے بھی پولیو کے خاتمے کے نیک کام کے لئے بل گیٹس کی عالمی کوششوں کو سراہا۔

آرمی چیف نے بل گیٹس کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستان کے قومی مفاد کے لیے پولیو کے خاتمے تک پاک فوج ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی ۔
 

Advertisement