وزیراعظم عمران خان دو روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے

Last Updated On 16 June,2020 10:51 pm

کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے گورنر سندھ اور پی ٹی آئی کی صوبائی کور کمیٹی سے ملاقات کی، وہ بدھ کو کراچی میں صنعتکاروں اور اتحادی جماعتوں کے وفود سے ملاقات کریں گے جبکہ لاڑکانہ کا دورہ بھی شیڈول کا حصہ ہے۔

تفصیل کے مطابق وزیراعظم عمران خان دو روز دورہ پر اسلام آباد سے کراچی پہنچ گئے ہیں۔ ان کے ہمراہ وفاقی وزرا، معاون خصوصی، چئیرمین این ڈی ایم اے لیفٹنٹ جنرل محمد افضل بھی ہیں۔

مہران بیس سے وزیراعظم کا قافلہ گورنر ہاؤس پہنچا، جہاں انہوں نے گورنر سندھ عمران اسماعیل اور علی زیدی سے ملاقات کی۔ گورنر سندھ نے کورونا وائرس اور سیاسی صورتحال پر وزیراعظم کو بریفنگ دی۔

وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی آئی سندھ کور کمیٹی ممبران سے بھی ملاقات کی جس میں صوبے اور کراچی کی سطح پر پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی بدھ کے روز ایم کیو ایم اور جی ڈی اے ارکان سے ملاقات طے ہے جبکہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کا امکان نہیں ہے۔

وزیراعظم سندھ کی سیاسی صورتحال پر بھی عمائدین سے بات چیت جبکہ کابینہ ارکان کے ہمراہ احساس سینٹرز کا دورہ بھی شیڈول ہے۔ عمران خان لاڑکانہ میں پارٹی کے دورہ میں مقامی رہنماؤں سے ملاقات کرینگے۔ آئی جی سندھ پولیس اور چیف سیکریٹری کو بھی لاڑکانہ بلایا گیا ہے۔
 

Advertisement