کورونا از خود نوٹس کیس: پنجاب حکومت نے پیشرفت رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی

Last Updated On 20 June,2020 09:47 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ میں کورونا وائرس از خود نوٹس کیس پر پنجاب حکومت نے پیشرفت رپورٹ جمع کرا دی۔

پنجاب حکومت کی طرف سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صوبے بھر میں کورونا مریضوں کیلئے 628 وینٹی لیٹرز مختص ہیں۔ صوبے میں کورونا کے روزانہ 11 ہزار ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ کورونا سے متعلقہ امورانجام دینے والے عملہ صفائی کو حفاظتی سامان فراہم کردیا گیا۔

ٹڈل دل کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا کہ ربیع کی فصل کو ٹڈی دل سے کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ ٹڈی دل نے مجموعی طور پر پنجاب کا کاشت شدہ 25 ہزار ایکڑ رقبہ متاثر کیا۔ قانون کے مطابق پچاس فیصد علاقہ متاثر ہو تو امداد دی جا سکتی ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ پنجاب کے کسی ضلع میں کاشت شدہ علاقہ کا نقصان پچاس فیصد یا زیادہ نہیں ہوا۔ ٹڈی دل کی افزائش دسمبر 2019 میں چولستان سے شروع ہوئی۔ ٹڈی دل کی سرد موسم میں افزائش نہ ہونے کے اندازے غلط ثابت ہوئے۔ ٹڈی دل سے نمٹنے کیلئے ایمرجنسی نافذ کی اور ہنگامی بنیادوں پر آلات خریدے۔