کراچی: کار پل پر موجود افراد کو کچلتے ہوئے نیچے جا گری، 4 جاں بحق، 1 زخمی

Last Updated On 26 June,2020 10:05 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے لیاری میرا ناکہ کے قریب لیاری ایکسپریس وے پل پر سے تیز رفتار کار 4 افراد کو کچلتی ہوئی پل سے نیچے جا گری، حادثے میں 4 افراد موقع پر جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق لاشوں اور زخمی کو سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثے کا شکار گاڑی میں موجود بچے سمیت تین افراد معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کی شناخت عامر، آصف، عادل اور ایک کی شناخت نہ ہوسکی۔

حادثے میں معجزانہ طور پر بچ جانے والے افراد میں مہتاب، عباس اور 10 سالہ وارث شامل ہیں۔ کار سوار تینوں افراد آپس میں بھائی ہیں، گاڑی میں سوار دو بھائیوں کو تفتیش کے لئے تھانے جبکہ دس سالہ وارث کو گھر منتقل کر دیا گیا۔