وزیر اعلیٰ پنجاب سے پرویز الٰہی کی ملاقات، دونوں کا ملکر صوبے کی خدمت کا عزم

Last Updated On 27 June,2020 11:14 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سے سپیکر چودھری پرویز الٰہی نے ملاقات کی ہے، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور فلاح عامہ کے منصوبوں پر تبادلہ خیال اور باہمی ورکنگ ریلیشن کے معاملات پر بات چیت کی گئی، دونوں رہنماؤں نے مل کر صوبے کے عوام کی خدمت کے عزم کا اعادہ کیا۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ق ہماری اتحادی ہے، ساتھ لیکر چل رہے ہیں، اپوزیشن نے کورونا سمیت ہر نازک موقع پر سیاسی پوائنٹ سکورنگ کی اپوزیشن جماعتیں مایوسی کا شکار ہیں۔

وزیر اعلی پنجاب نے ایوان کی کارروائی احسن انداز میں چلانے پر سپیکر چودھری پرویز الہی کی پارلیمانی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا سپیکر چودھری پرویز الہی نے ایوان کو متوازن انداز میں چلا کر نئی مثال قائم کی، پرویز الہی کی پارلیمانی خدمات قابل تحسین ہیں۔

چودھری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب نے موجودہ مشکل معاشی حالات میں بہتر اور متوازن بجٹ پیش کیا، ٹیکس فری بجٹ پیش کرنے پر وزیر اعلی عثمان بزدار اوران کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے، پنجاب کو ترقی کی راہ پر تیزی سے گامزن دیکھ رہے ہیں، وزیراعلی عثمان بزدار سب کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں۔

سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ تحریک انصاف کے اتحادی ہیں اور رہیں گے، اپوزیشن نے اپنے دور میں میرے وقت کے فلاح عامہ کے مثالی منصوبوں کو انا کی بھینٹ چڑھایا، عوام میں اپوزیشن کی کوئی ساکھ نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی خدمت ہمارا نصب العین ہے۔ صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی بھی اس موقع پر موجود تھے۔