ہری پور: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان خود انحصاری کے ساتھ ٹیکنالوجی میں جدت لانے کی بے پناہ صلاحیت رکھتا ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت نوجوانوں کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنے کے کسی بھی اقدام کی بھرپور حمایت کرے گی۔
انہوں نے یہ بات پیر کے روز نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن ہری پور میں مقامی طورپر تیار کردہ وینٹی لیٹرز کے پہلے پیداواری پلانٹ کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔
وزیراعظم نے کہاکہ معیشت کو فعال رکھنے کیلئے ہماری سمارٹ لاک ڈائون کی حکمت عملی کی بڑے پیمانے پر پذیرائی ہوئی ہے انہوں نے کہاکہ اب ہماری توجہ کا محور صحت کے شعبے میں جامع اصلاحات ہوںگی۔
عمران خان نے وینٹی لیٹرز کی مقامی سطح پر تیاری پرنیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن اور وزار ت سائنس وٹیکنالوجی کی تعریف کی انہوں نے کہاکہ یہ پاکستان کیلئے شاندار کامیابی ہے انہوں نے وینٹی لیٹرز تیارکرنے والی پوری ٹیم کو مبارکباد دی۔
نیشنل ریڈیو ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این آر ٹی سی) کے مینجنگ ڈائریکٹر نے اس موقع پر وزیراعظم کو ادارے کی خدمات اور مصنوعات سے متعلق بریفنگ دی۔