'علی زیدی نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، لگتا ہے ملزمان کو فائدہ پہنچایا جا رہا ہے'

Last Updated On 08 July,2020 12:41 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ علی زیدی نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، لگتا ہے ملزمان کو فائدہ پہچانے کیلئے جے آئی ٹی کو متنازعہ بنایا جا رہا ہے، جے آئی ٹی ایک ہوتی ہے، 7 دستخط کیساتھ اصل رپورٹ آج بھی محکمہ داخلہ کے پاس موجود ہے۔

نیب میں پیشی کے بعد مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا عزیر بلوچ کو رینجرز نے گرفتار کیا تھا، رینجرز نے 90 روز عزیر بلوچ کو ریمانڈ پر رکھا، جے آئی ٹی کے سربراہ نے رپورٹ محکمہ داخلہ کو جمع کرائی، 7 دستخط کیساتھ اصل جے آئی ٹی رپورٹ آج بھی محکمہ داخلہ کے پاس ہے، علی زیدی کو کوئی گیٹ پر چیزیں دے جاتا ہے جو وہ لے آتے ہیں، جے آئی ٹی میں تمام اداروں کے نام تھے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا علی زیدی نے غیر ذمہ دارانہ حرکت کی، موٹر سائیکل پر کوئی آیا اور ان کے چوکیدار کو رپورٹ دے کر چلا گیا، لگتا ہے یہ ملزمان کی حمایت کے چکر میں ہیں، غیر دستخط شدہ جے آئی ٹی رپورٹ پڑھی گئی، علی زیدی کی جے آئی ٹی سامنے لانے پر ہم پر سیاسی دباؤ آیا، اب یہ بتاتے ہیں کہ 3 جےآئی ٹیز ہیں، جےآئی ٹی ایک ہوتی ہے، علی زیدی کی جے آئی ٹی میں سی آئی ڈی لکھا ہے، اصل جے آئی ٹی رپورٹ میں سی آئی ڈی نہیں سی ٹی ڈی لکھا ہے۔

مراد علی شاہ نے مزید کہا علی زیدی جو بات کرتے ہیں اس پر بھروسہ مشکل ہے، علی زیدی کو کوئی گیٹ پر چیزیں دے جاتا ہے جو وہ لے آتے ہیں، وفاقی حکومت سے کچھ بھی توقع کی جاسکتی ہے۔