سیاسی موسم میں تبدیلی کے اشارے، سابق صدر آصف زرداری کی ملاقاتیں شروع

Last Updated On 10 July,2020 09:02 pm

کراچی: (دنیا نیوز) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی سابق صدر سے ڈیڑھ گھنٹہ طویل بیٹھک، بلاول بھٹو بھی شریک تھے۔ ملک کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال، اٹھارہویں ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ پر سخت موقف اپنانے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات میں پیپلز پارٹی اور جے یو آئی (ف) نے ملکی سالمیت اور بقا کی خاطر سیاسی امور میں ساتھ چلنے پر اتفاق کیا۔ رہنماؤں کے درمیان مکالمہ ہوا کہ عوام دشمن بجٹ اور این ایف سی ایوارڈ سے متعلق کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ عمران خان حکومت چلانے کے اہل نہیں، حکومتی انا اور ضد کی وجہ سے ٹڈی دل حملوں سے خدشات بڑھے۔ عوام کو جلد ناکام حکومت سے نجات دلائیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن سلیکٹڈ حکومت کے خلاف ایک پیچ پر ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے زور دیا کہ اگر ملکی معیشت بچانی ہے تو سلیکٹڈ حکمرانوں کا مل کر مقابلہ کرنا ہوگا۔
 

Advertisement