اسلام آباد: (دنیا نیوز) عیدالاضحیٰ کے موقع پر اسلام آباد میں 4 مویشی منڈیاں لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ نے چیف میونسپل آفیسر کی مویشی منڈیوں سے متعلق تجاویز مان لیں۔
اسلام آباد کے علاقوں بھارہ کہو، ترا مڑی، روات اور ترنول میں مویشی منڈیاں لگیں گی، عوام کو فائدہ پہنچانے کیلئے مویشی منڈیاں کم سے کم ٹھیکے پر دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ این سی او سی نے بھی اسلام آباد میٹرو پولیٹین کارپوریشن کی تجاویز منظور کر لیں۔
مویشی منڈیوں میں بیوپاریوں، شہریوں کیلئے موثر حفاظتی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چیف میونسپل آفیسر نے کہا ہے کہ کورونا کے پیش نظر اسلام آباد میں 4 مویشی منڈیاں لگائی جا رہی ہیں، انسداد کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔
خیال رہے پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 55 ہزار 769 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 67 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 5 ہزار 386 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 165 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 88 ہزار 45، سندھ میں ایک لاکھ 7 ہزار 773، خیبر پختونخوا میں 31 ہزار 1، بلوچستان میں 11 ہزار 239، گلگت بلتستان میں ایک ہزار 708، اسلام آباد میں 14 ہزار 315 جبکہ آزاد کشمیر میں ایک ہزار 688 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 16 لاکھ 27 ہزار 939 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 21 ہزار 749 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک ایک لاکھ 72 ہزار 810 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 78 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 67 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 5 ہزار 386 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 43، سندھ میں ایک ہزار 863، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 114، اسلام آباد میں 155، بلوچستان میں 127، گلگت بلتستان میں 38 اور آزاد کشمیر میں 46 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔