اسلام آباد ہائیکورٹ، سی ڈی اے بورڈ ممبران کی تعیناتی کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ

Last Updated On 20 July,2020 02:03 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کی عدالت نے سی ڈی اے بورڈ ممبران تعیناتی کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

سماعت کے دوران درخواست گزار وکیل نے کہا کہ سی ڈی اے میں کچھ بورڈ ممبران کو ایڈیشنل اور کچھ کو عارضی چارج دیا گیا ہے، چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا کہ سی ڈی اے کیس میں درخواست گزار کی کیا دلچسپی ہے، درخواست گزار متاثرہ فریق نہیں تو وزیر اعظم پورٹل پر درخواست دے، وزیراعظم پورٹل پر اگر کوئی نہیں سنتا تو پھر عدالت آ جائیں، منتخب وزیراعظم ہیں پورٹل کے ذریعے معاملہ ان کے نوٹس میں لائیں۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے وکیل سے کہا کہ ہر درخواست عدالت آنے سے زیر التوا کیسز کا اثر پورے عدلیہ پر پڑتا ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ میں پہلے ہی بہت سارے کیسز زیر التوا ہیں، 15، 15سال سے عوام کے کیسز زیر التوا ہیں، جب الگ سے درخواست کا فورم موجود ہے تو آپ وہاں جائیں، عدالت نے درخواست گزار وکیل کے دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔