شہباز گل، زلفی بخاری سمیت دوسرے کئی مشیر پاکستان کے شہری نہیں: محسن نواز

Last Updated On 20 July,2020 01:59 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) رہنما مسلم لیگ ن محسن شاہ نواز رانجھا نے کہا ہےکہ حکومت وقت نے غیر منتخب لوگوں کو کابینہ میں شامل کر رکھا ہے، مشیروں کی دوہری شہریت سامنے آ گئی، شہباز گل، زلفی بخاری سمیت دوسرے کئی مشیر پا کستان کے شہری نہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ آمد کےدوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی محسن شاہ نواز رانجھا نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے پاکستان کی کابینہ میں غیر منتخب لوگوں کے شامل کیے جانے پر درخواست دائر کر رکھی تھی، حفیظ شیخ نہ تو منتخب ہیں، نہ سینیٹر ہیں، نہ ایم این اے ہیں، آئین کے مطابق کابینہ کے ارکان مجلس شوریٰ سے ہوں گے، غیر منتخب لوگ پاکستان کے فیصلے کر رہے ہیں جو غیر آئینی ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیر منتخب لوگ ملکی فیصلے نہیں کرسکتے، وزیراعظم کہتے تھے پاکستان کے فیصلے پاکستان کے شہریوں کو کرنے چاہیئں، وزیراعظم نے اس معاملے پر بھی یو ٹرن لے لیا، کابینہ میں حساس نوعیت کے معاملات آتے ہیں، یہ پاکستان کے عوام کے ساتھ بہت بڑی زیادتی ہے۔

محسن نواش نے کہا کہ عدالت سے رجوع کر رکھا ہے، چاہتے ہیں عدالت قانون و آئین کے مطابق فیصلے کرے، پاکستان آزاد ہو چکا ہے، پاکستان کو آج بھی گورنر جنرلز کے ذریعے چلائیں گے تو کیا فائدہ، سمجھتا ہوں کہ یہ سیاسی کارکن اور عوام کے ساتھ بہت بڑی زیادتی ہے۔