تانیہ ایدروس اور ڈاکٹر ظفر مرزا سے استعفے لئے گئے، ذرائع کا انکشاف

Last Updated On 29 July,2020 10:47 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ذرائع کے مطابق تانیہ ایدروس نے ڈیجیٹل پاکستان فاؤنڈیشن کے نام سے کمپنی بنا رکھی تھی جبکہ ڈاکٹر ظفر مرزا ڈاکٹر ظفر مرزا سے تسلی بخش کارکردگی نہ دکھانے پر استعفیٰ لیا گیا۔

دنیا نیوز ذرائع کے مطابق تانیہ ایدروس کے استعفے کی اصل وجہ مفادات کا ٹکراؤ تھا۔ ان کی کمپنی ایس ای سی پی سے رجسٹرڈ تھی جس کے ڈائریکٹرز میں جہانگیر ترین بھی شامل تھے۔ تانیہ ایدروس کی کمپنی 27 فروری 2020ء کو رجسٹرڈ کرائی گئی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تانیہ ایدروس کی کمپنی سامنے آنے کے بعد وزیراعظم نے وضاحت مانگی تھی لیکن وہ تسلی بخش جواب دینے میں ناکام رہیں۔ اس کے بعد وزیراعظم آفس کی جانب سے تانیہ ایدروس کو مستعفی ہونے کا کہا گیا۔

دوسری جانب ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا سے تسلی بخش کارکردگی نہ دکھانے پر استعفیٰ لیا گیا۔ انسداد کورونا سے متعلق ذمہ داریاں ڈاکٹر فیصل سلطان نبھاتے رہے اور وہی وزیراعظم کی زیر صدارت کورونا اجلاسوں میں شریک بھی ہوتے رہے۔ ڈاکٹر فیصل سلطان کو معاون خصوصی صحت کا چارج دیئے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر ظفر مرزا ادویات کی قیمتیں کم کرانے میں ناکام رہے۔ انہوں نے بھارت سے ادویات کا خام مال درآمد کرنے کا معاملہ مس ہینڈل کیا۔ سپریم کورٹ کی آبزرویشن بھی ان کے استعفے کی وجوہات میں شامل ہیں۔