کویت ،ترکی جانیوالے پاکستانیوں کیلئے کورونا ٹیسٹ لازمی

Last Updated On 30 July,2020 12:57 pm

لاہور (روزنامہ دنیا)کویت اور ترکی جانیوالے پاکستانیوں کیلئے کورونا ٹیسٹ لازمی قراردے دیاگیا،پی آئی اے نے پاکستان سے کویت سفر کرنیوالے مسافروں کیلئے ہدایات جاری کردیں ، کورونا ٹیسٹ رپورٹ منفی آنے پر ہی کویت کا سفر کیا جاسکے گا۔

 12 سال سے کم عمر بچے والدین کا کورونا ٹیسٹ منفی ہونے پر ہی سفر کر سکیں گے ،مسافر فلائٹ سے قبل شلولنک نامی ایپلی کیشن میں سائن ان ہوں گے، کویت پہنچنے پر تمام مسافروں کو 14 دن قرنطینہ میں رہنا ہوگا،ادھر ترکش ایئر لائن انتظامیہ کی طرف سے جاری نئی ٹریول ایڈوائزری میں بتایاگیا کہ ترکی جانے والے پاکستانی مسافروں کو کورونا کی منفی رپورٹ کے بغیر بورڈنگ پاس جاری نہیں کیا جائے گا۔

8 اگست سے مسافروں کے ٹیسٹ لازمی قرار د یئے گئے ہیں، دریں اثنا پی آئی اے نے یورپی سیفٹی ایجنسی کی جانب سے پابندی کے فیصلے کو بدلنے کیلئے سفارتی سطح پر رابطوں کے ساتھ بیک ڈور چینل کا بھی استعمال شروع کردیا، پی آئی اے ترجمان عبداللہ خان کے مطابق پی آئی اے نے یورپی سیفٹی ایجنسی کیلئے اپیل تیار کر کے وکلا کی خدمات حاصل کرلی ہیں، سیفٹی مینجمنٹ سسٹم سافٹ ویئربھی تیار کر لیا گیا ہے ، بر طا نیہ اور یورپ میں پروازوں کی بحالی کیلئے یورپی سیفٹی ایجنسی کو ٹھوس اور موثراقد ا مات کے ذریعے قائل کر یں گے ۔