بلاول زرداری کی کراچی میں بارش کے بعد سندھ حکومت کے کردار کی حوصلہ افزائی

Last Updated On 31 July,2020 07:22 pm

کراچی: (دنیا نیوز) چیئر مین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے شہر قائد میں بارش کے بعد سندھ حکومت کے کردار کی حوصلہ افزائی کی۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے پارٹی رہنماؤں اور سندھ حکومت کے وزراء نے ملاقات کی۔ صوبائی وزراء میں سعید غنی اور ناصر شاہ نے ملاقات کی۔ یہ ملاقات بلاول ہاؤس میں ہوئی۔ بلاول کو سعید غنی نے شہرکی سیاسی صورتحال سے آگاہ کیا۔

ملاقات کے دوران صوبائی وزیر سعید غنی کا کہنا تھا کہ کچھ عناصر مسائل کے حل کے بجائے اپنی مذموم سیاست چمکانےکی کوشش کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم اور پی ٹی آئی کے نمائندے عوام کے لئے کچھ کرنے کو تیار نہیں، پی پی پی کے جیالے رہنما و کارکنان بارشوں کے بعد کے حالات میں عوام کے ساتھ کھڑے رہے،

یہ بھی پڑھیں: این ڈی ایم اے، پاک فوج، ایف ڈبلیو او کیساتھ مل کر کراچی کو صاف کرے گی: گورنرسندھ

ملاقات کے دوران بلاول بھٹو کو صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے پورے سندھ کی انتظامی صورتحال پر بریف کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے ناصر شاہ سے بارشوں کے بعد شہر کی صورتحال کے حوالے بھی دریافت کیا۔

ملاقات کے دوران ناصر شاہ کا کہنا تھا کہ انتظامی طور پر ایم کیوایم کی شہری حکومت کے تحت کراچی میں نکاسی کا نظام تباہ ہوچکا ہے۔ تمام سٹیک ہولڈرز کو دعوت دی کہ الزام تراشیوں کے بجائے مسائل کے حل کیلئے آگے آئیں۔

اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے شہر قائد کے مسائل کے حل کے سلسلے میں سندھ حکومت کے کردار کی حوصلہ افزائی کی۔
 

Advertisement