اسلام آباد: (دنیا نیوز) کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے وزیرخارجہ شاہ محمود ، وزیر دفاع پرویز خٹک اور معاون خصوصی قومی سلامتی معید یوسف نے ایل او سی کا دورہ کیا جہاں عسکری حکام کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔
ذرائع ابلاغ کے نمائندوں اور عسکری حکام بھی وفاقی وزرا کے ہمراہ ہیں جہاں ایل او سی کے سیکٹر چری کوٹ کے دورے کے دوران میڈیا نمائندوں کو بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں اور شہری علاقوں کو نشانہ بنائے جانے کے شواہد کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔
عسکری حکام کی جانب سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ بھارتی فوج کی جانب سے کنٹرول لائن پر سرحدی خلاف ورزیاں مسلسل جاری ہیں جن کے متاثرین میں خواتین، بچے اور بزرگ افراد بھی شامل ہیں۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ سرحدی خلاف ورزی سے پاکستانی عوام کو نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔ پاک فوج کی جانب سے بھرپور کاررائی کرتے ہوئے بھارتی فوج کی چوکیوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل بین الاقوامی میڈیا کو بھی لاین آف کنٹرول کا دورہ کروایا گیا تھا، وزیر خارجہ چری کوٹ کے دورے کے بعد مظفر آباد روانہ ہو گئے جہاں وہ آزاد جموں و کشمیر کی سیاسی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، معاون خصوصی معید یوسف بھی ان کے ہمراہ ہیں جبکہ وزیردفاع پرویز خٹک اسلام آباد واپس چلے گئے۔
روانگی سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود کا کہنا تھا کہ بھارت جو مرضی کر لے، کشمیریوں نے 5 اگست کے اقدام کو مسترد کر دیا ہے، پانچ اگست کے اقدام کوکوئی قبول نہیں کرے گا۔ حق خود ارادیت کی جدوجہد جاری رہے گی، پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔