اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر علی زیدی نے نئی شپنگ پالیسی کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا پاکستان کی زیادہ تر برآمدات بندر گاہوں سے ہوتی ہے، ماضی میں میری ٹائم سیکٹر کو نظر انداز کیا گیا، بندرگاہ پر پہلے جہاز لگانے کیلئے کرپشن کی جاتی تھی جس کا خاتمہ کر دیا۔
وفاقی وزیر علی زیدی نے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا جہاز کی آمدن پر کوئی ٹیکس نہیں ہوگا، فریٹ چارجز پاکستانی کرنسی میں وصول ہوں گے، سٹیٹ بینک نے شپنگ لانگ ٹرم سہولت کاری کی اجازت دے دی، شپنگ کو اسٹریٹجک انڈسٹری قرار دیا ہے۔
علی زیدی کا کہنا تھا پاکستانی فلیگ کے حامل جہاز کو برتھنگ رائٹ ملے گا، غیر ملکی کی جگہ پاکستانی فلیگ والے جہاز کو فوقیت دیں گے، پاکستان میں رجسٹر جہاز کو لنگر انداز ہونے کیلئے ترجیج دی جائے گی، نجی شعبے کیلئے جی آر ٹی 25 فیصد کم رکھا۔