مسلم لیگ کے کارکنوں کیخلاف کارروائیاں نہ رکیں تو ذمہ دار حکمران ہونگے، خواجہ آصف

Last Updated On 11 August,2020 06:41 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مریم نواز ہمیشہ عدالتوں میں پیش ہوتی رہیں، آج کا واقعہ پنجاب حکومت کی نااہلی کا ثبوت ہے، لیگی کارکنوں کے خلاف کارروائیاں نہ رکیں تو ذمہ دار حکمران ہونگے۔

خواجہ آصف کا قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کی پیشی کے موقع پر پیش آنے والے واقعے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ متحدہ اپوزیشن اور مسلم لیگ (ن) مطالبہ کرتی ہے کہ گرفتار کارکنوں کو فوری رہا کیا جائے۔ ہم احتساب کے مخالف نہیں، میں خود احتساب کے لئے نیب میں پیش ہوتا ہوں لیکن یہ جو ابتدا کی گئی ہے، اس کی ذمہ دار پنجاب حکومت ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ جب بھی سیاسی قائدین نیب کی پیشیوں پر جاتے ہیں، کارکن جمع ہوتے ہیں۔ مریم نواز بھی جب پیش ہوئیں تو ہزاروں کارکن جمع ہوئے، تاہم اس بار پولیس نے ظالمانہ تشدد کیا۔ مریم نواز کی گاڑی کی فرنٹ سکرین ٹوٹ گئی۔ اتنی سیکیورٹی سپریم کورٹ میں نہیں ہوتی، جتنی نیب کے باہر ہوتی ہے۔ آج جبر کی انتہا کر دی گئی کارکنوں پر تشدد کیا گیا۔