اسلام آباد: (ویب ڈیسک) معاون خصوصی زلفی بخاری نے دعویٰ کیا ہے کہ ورلڈ ٹورازم فورم سے پانچ روز کے دوران 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری آئے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ ٹورازم فورم فورم سے اشتہارات اور پروموشن کی مد میں بی بی سی اور سی این این جیسے بڑے نشریاتی ادراوں میں 400 ملین ڈالر مالیت کے ٹی وی رائٹس بھی ملیں گے۔
زلفی بخاری نے یہ بات برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی سے خصوصی گفتگو کے دوران کی۔ ان کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاری اور پالیسیوں کا آپس میں کوئی تعلق نہیں، ہم نے دس سالہ ٹورازم پالیسی اور اس کے ساتھ پانچ سال کا ایکشن پلان بھی بنایا ہوا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز تحریک انصاف کے ٹویٹر اکاؤنٹ سے 2021ء میں ورلڈ ٹورازم فورم منعقد کروانے کا باقاعدہ اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس سے قبل ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال بہتر ہونے کے بعد حکومت نے 8 اگست سے سیاحت پر پابندی ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
گزشتہ مہینے ورلڈ ٹورازم فورم کے میزبان کے طور پر پاکستان کا انتخاب کیا گیا تھا۔ یہ فورم 2020ء میں منعقد ہونا تھا لیکن کورونا وائرس کی وبا کے باعث اسے 2021 تک ملتوی کر دیا گیا تھا۔
حکومت ورلڈ ٹورازم فورم 2021ء کا انعقاد اسلام آباد میں منعقد کرانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ ترکی سمیت 8 ترقی پذیر آٹھ ممالک کے سیاحتی وزیروں کی اس میں شرکت متوقع ہے۔