نیب نے خواجہ برادران کی ضمانت کے فیصلے پر نظرثانی درخواست دائر کر دی

Last Updated On 12 August,2020 11:25 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو نے مسلم لیگ نون کے رہنماؤں خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کی پیراگون ہاؤسنگ سٹی کیس میں ضمانت کے فیصلے پر نظرثانی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کر دی ہے۔

نیب نے درخواست میں استدعا کی کہ سپریم کورٹ سعد رفیق اور سلمان رفیق کی ضمانت کا فیصلہ واپس لے، رولز کے تحت نیب مقدمات کی تین رکنی بنچ سماعت کر سکتا ہے، جب کہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کو دو رکنی بینچ نے ضمانت دی۔

نیب درخواست میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ کی آبزرویشنز سے کرپشن کیس کا ٹرائل متاثر ہوگا، عدالتی فیصلے میں لارجر بنچ کے وضع کردہ اصولوں کی خلاف ورزی کی گئی، سپریم کورٹ قرار دے چکی ہے کہ ضمانت کا فیصلہ مختصر لکھا جائے۔

قومی احتساب بیورو نے درخواست میں کہا کہ عدالت عظمیٰ کے دو رکنی بنچ نے 87 صفحات کا فیصلہ لکھا جو عدالتی فیصلے کے خلاف ہے، عدالت اپنے فیصلے سے پیرا گراف نمبر 18 سے 48 اور 56 سے 70 تک حذف کرے۔