سپریم کورٹ نے ریلوے کی ری اسٹرکچرنگ کیلئے 4 ہفتے کی مہلت دے دی

Published On 20 August,2020 10:48 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے ریلوے کی ری اسٹرکچرنگ کیلئے چار ہفتے کی مہلت دے دی۔ عدالت نے سرکولر ریلوے پر سندھ حکومت اور ریلوے سے پیشرفت رپورٹ طلب کرلی۔ چیف جسٹس نے کہا فنڈز موجود ہیں تو منصوبہ مکمل ہونے میں وقت نہیں لگنا چاہیے۔

سپریم کورٹ میں ریلوے خسارہ ازخود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس گلزار احمد نے کہا کراچی حیدرآباد برج کسی بھی وقت گر سکتا ہے، کوٹری میں انگریز کا بنایا ہوا پل آج بھی درست حالت میں ہے، دریائے سندھ پر کوئی ایسا پل نہیں جس پر قوم فخر کر سکے، ایوب خان کے دور میں بننے والا ایوب برج واحد خوبصورت پل ہے۔

چیف جسٹس گلزار احمد نے کہا ایم ایل ون کیلئے اچھے برج بنائے جائیں، دریائے سندھ ملک کی اکانومی چلاتا ہے، اس کو عزت دیں۔ سیکریٹری ریلوے نے کہا ایم ایل ون میں سٹیٹ آف دی آرٹ پل بنائے جائیں گے۔ عدالت نے مزید سماعت 4 ہفتے کیلئے ملتوی کر دی۔