بیجنگ: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے پختہ عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی قوم زیادہ متحد اور مستحکم ہے۔
دہشتگردی کے شکار افراد کی یاد اور انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے عالمی دن کے موقع پر ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ باہمت پاکستانی قوم نے روشن خیالی، رواداری اور باہمی محبت کی جن اقدار کا مظاہرہ کیا، اس نے ہمیں عدم رواداری، منافرت اور پُرتشدد قوتوں کے خلاف اور زیادہ متحد اور مستحکم بنا دیا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کے عوام دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں جس میں ستر ہزار سے زائد افراد جاں بحق اور ایک سو بیس ارب ڈالر سے زائد کا معاشی نقصان اٹھانا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ہزاروں بہادر جوانوں اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکاروں نے مادر وطن کے دفاع کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
دوسری جانب وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اپنے چینی ہم منصب سے ملاقات کیلئے چین کے صوبے حینان پہنچے۔ چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے وزیر خارجہ کا پرتپاک استقبال کیا۔
دونوں وزرائے خارجہ کے مابین تہنیتی جملوں کا تبادلہ ہوا۔ بعد ازاں دونوں وزرائے خارجہ کے مابین باقاعدہ ملاقات ہوئی۔ وزرائے خارجہ ملاقات کے بعد پاک چین سٹریٹیجک مذاکرات کا آغاز ہوگا۔