تجاوزات کی وجہ سے کراچی ڈوب رہا ہے، ملیر ندی کے پاٹ میں گھر بنا دیئے گئے: وزیراعلی سندھ

Published On 28 August,2020 02:02 pm

کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ تجاوزات کی وجہ سے کراچی ڈوب رہا ہے، ملیر ندی کے پاٹ میں مکانات بنا لئے گئے، چنیسر ہالٹ کے قریب عمارت بننے سے پانی کا قدرتی بہاﺅ متاثر ہوا ہے۔

وزیراعلیٰ نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، شاہراہ فیصل نرسری بس اسٹاپ کے قریب نکاسی آب کے کام کا جائزہ لیا، مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ شاہراہ فیصل سے پانی کی نکاسی کردی گئی ہے تاہم گلیوں میں پانی موجود ہے، ان کا کہنا تھا کہ چنیسر ہالٹ کے قریب عمارت بننے سے پانی کا قدرتی بہاﺅ متاثر ہوا ہے، ایم ڈی واٹر بورڈ ماسٹرپلان کا جائزہ لیکر رپورٹ دیں کہ کون سی عمارتیں ہیں جن کے بننے سے پانی کی نکاسی میں مشکلات ہیں، وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ڈرگ روڈ انڈر پاس سے پانی کی نکاسی نہیں ہوسکی ہے۔

وزیراعلیٰ نے راشد منہاس انڈر پاس کے قریب بیٹھ جانے والی سڑک کی فوری مرمت کا حکم بھی دیا، انہوں نے ملیر ندی اور یار محمد گوٹھ کا دورہ بھی کیا اور عوامی شکایات سنیں، اس موقع پر مراد علی شاہ بولے آپ کی تجاوزات سے شہر ڈوب رہا ہے، ملیر ندی کے پاٹ میں گھر بنائے گئے ہیں، آغا ٹاون کے نام پر ملیر ندی آپ نے بلاک کی ہے۔

وزیراعلیٰ نے یوسف گوٹھ کا دورہ کرکے ریلیف کاموں کا جائزہ لیا،ان کا کہنا تھا کہ لوگ بے گھر ہوئے ہیں، انتظامیہ متاثرین کی مدد کیلئے اقدامات کررہی ہے۔
 

Advertisement