وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی کتاب ‘’لال حویلی سے اقوام متحدہ تک’’ کی تقریب رونمائی

Published On 06 September,2020 08:08 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سینئر سیاستدان اور وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی کتاب ‘’لال حویلی سے اقوام متحدہ تک’’ کی تقریب رونمائی لاہور کے مقامی ہوٹل میں ہوئی۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ سینیٹرز، صوبائی وزرا، بیوروکریٹس اور سینئر صحافی شریک ہوئے۔

تفصیل کے مطابق لاہور میں سینئر سیاستدان اور وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی کتاب ‘’لال حویلی سے اقوام متحدہ تک’’ کی رونمائی کی پروقار تقریب ہوئی۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

تقریب میں وزرا، ارکین اسمبلی، بیوروکریٹس اور صحافیوں سمیت ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات شریک ہوئیں۔ شیخ رشید نے گورنر پنجاب کو کتاب پیش کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے شیخ رشید کو منجھے ہوئے اور مدبر سیاستدان قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ شیخ رشید پیش گوئیاں کرتے ہیں تو کچھ نہ کچھ ضرور ہوتا ہے۔

کتاب کے مصنف شیخ رشید احمد نے اپنے خطاب میں جہاں بیتے دنوں کی یادوں کو تازہ کیا، وہیں مستقبل کی سیاست کی بھی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی کرے گا۔

شیخ رشید احمد نے 6 ستمبر کو کتاب کی تقریب رونمائی کی وجہ بھی بتاتے ہوئے کہا کہ آج آج یوم دفاع اور میری والدہ کی برسی بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج ملک وقوم کیلئے ہر محاذ پر پہنچتی ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل کا تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ شیخ رشید کو پرکھنے کے لئے ان کے مختلف سیاسی ادوار کو پرکھنا ہوگا۔ سینیٹر ولید اقبال نے کتاب سے مختلف اقتباسات کے دلچسپ حوالے دئیے

صوبائی وزیر راجہ بشارت نے شیخ رشید کو اپنے شہر راولپنڈی کا فخر قرار دیا۔ میاں محمود الرشید کا کہنا تھا کہ شیح رشید کا انداز خطابت اور شعلہ بیانی ہمارے لئے رول ماڈل رہا۔

سینئر صحافی مجیب الرحمن شامی نے کہا کہ کوئی انکار کرے یا اتفاق، اس کی تردید نہیں کی جا سکتی کہ شیخ رشید پاکستانی کی سیاست کا اہم کردار رہے۔

تقریب میں سینئر صحافی سہیل وڑائچ، عارف نظامی، سلیم بخاری اور سلمان غنی نے بھی شیخ رشید احمد اور ان کی تصنیف کے بارے میں اپنے تاثرات دیئے۔
 

Advertisement